سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن معطل، بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 15 جنوری کو ہوگا یا نہیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے اقدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق ہو یا صوبے کوئی بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتا۔
الیکشن ونگ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے، کراچی اور حیدر آباد میں آج سے انتخابی سامان کی ترسیل شروع کی جانی تھی، بلدیاتی انتخابات سے صرف دو دن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا اقدام کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر سخت کارروائی پر غور شروع کردیا ہے، اور اجلاس میں بات ہوئی کہ بلدیاتی قانون میں ترامیم کا سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا جو غلط ہے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ میں 15 جنوری کو شیڈول بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو دوبارہ کہا جائے گا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات سے متعلق تحریری حکم جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے متعدد فیصلوں میں بروقت بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا۔
حکمنامے میں الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سندھ کو پولنگ کیلئے فُول پروف انتظامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے اقدامات یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری کو فوری کراچی پہنچنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن متعلقہ حکام سے رابطہ کریں، پولنگ کے حوالے سے تمام انتظامات کو بروقت یقینی بنایا جائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں