نئی پنجابی فلم ’’سپر پنجابی‘‘کے ٹریلراورگانوں کی لانچنگ تقریب، شوبز ستاروں کی بھرپورشرکت

فوٹو : فائل
لاہور: (ویب نیوز)نئی پنجابی فلم ’سپر پنجابی‘ کے ٹریلر اور گانوں کی لانچنگ کا میلہ لاہور میں سجایا گیا جس میں محسن عباس، افتخار ٹھاکر، ناصر چنیوٹی، نیئر اعجاز، ناصر ادیب، شہزاد رفیق سمیت نامور فنکاروں کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، فلم 12 مئی کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔
فلم پروڈیوسر صفدر ملک اور ڈائریکٹر ابو علیحہ کی ایکشن، رومانس اور کامیڈی پر مشتمل فلم ’سپر پنجابی‘ کا باقاعدہ ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے اور فلم کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر، صائمہ بلوچ، ثنا، ناصر چنیوٹی، سلیم البیلا، قیصر پیا اور افتخار ٹھاکر سمیت بہت سے دیگر فنکار شامل ہیں۔
ٹریلر لانچنگ تقریب میں محسن عباس حیدر، صائمہ بلوچ، اعجاز کامران، افتخار ٹھاکر، ناصر چینوٹی، ابو علیحہ، صفدر ملک، ناصر ادیب، شہزاد رفیق، ذوالفقارمانا، ایوب خاور، نئیراعجاز، سلیم البیلا، گوگا پسوڑی، جرار رضوی، اچھی خان، زیڈ اے زلفی، آصف اقبال، سہیل ملک اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر افتخار ٹھاکر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی 860 اسکرین پر ریلیز کی جارہی ہے، ’سپر پنجابی‘ تفریح سے بھر پور فلم ہے جس دنیا بھر کے شائقین ضرور پسند کریں گے۔

ڈائریکٹر شہزاد رفیق نے کہا کہ میری نیک خواہشات اور نیک تمنائیں صفدر ملک کے ساتھ ہیں۔رائٹر ناصر ادیب نے بتایا کہ میری دعا ہے فلم اچھا بزنس کرے، صفدر ملک جب بھی فلم شروع کرتے ہیں جوان ہوجاتے ہیں۔
کامیڈین آصف اقبال کا کہنا تھا کہ افتخار ٹھاکر ہمارے اسٹیج کا ہیرا ہے، ہم نے انہیں فلم انڈسٹری کو دے دیا ہے اب ان کا فرض بنتا ہے وہ ان کا خیال رکھے۔

پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذوالفقار مانا نے کہا کہ ملک صفدر فلم انڈسٹری کے بہترین پروڈیوسر ہیں۔
اداکار ناصر چینوٹی نے کہا کہ مل کر چلنے سے فلم انڈسٹری ترقی کرے گی، کوئی بھی پراجیکٹ شروع کرے آپ سب جڑ جائیں۔
نئیر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری اس وقت ڈانوں ڈول ہے، اللہ کرے ’سپر پنجابی‘ سپر ہٹ ہو۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں