صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6 نومبر کو عام انتخابات کی تجویز دیدی

صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کیا ہے جس میں یہ تاریخ تجویز کی گئی ہے-فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن کو تجویز کرتا ہوں کہ وہ عام انتخابات کے معاملے میں اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو 6 نومبر کو عام انتخابات کرانے کی تجویز دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا کہہ دیا۔خبروں کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط ارسال کیا ہے جس میں یہ تاریخ تجویز کی گئی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ نو اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، آرٹیکل 48 کی شق فائیو کے تحت صدر مملکت کو اختیار ہے کہ 90 روز کے اندر تاریخ مقرر کرے۔صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھا کہ عام انتخابات قومی اسمبلی کی تحلیل کے 89 ویں دن یعنی پیر 6 نومبر کو ہوجانے چاہئیں، آپ کو ملاقات کے لیے دعوت دی تھی کہ مل کر آئین پر عمل درآمد کا طریقہ کار وضع کریں لیکن آپ نے اس کے برعکس موُقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ وزارت قانون بھی الیکشن کمیشن جیسی رائے کا حامل ہے،آئین کی تمام شقوں، سیاسی جماعتوں کی مشاورت، صوبائی اسمبلیوں کے موُقف کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تجویز کرتا ہوں کہ وہ عام انتخابات کے معاملے میں اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں