برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 31 دسمبر سے شروع ہوگا
بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار آرینا سبالینکا نے برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی-
برسبین: ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز( اے ٹی پی ) ٹور اور ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے ) ٹور کے زیر اہتمام برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن 31 دسمبر سے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں شروع ہوگا۔برسبین انٹرنیشنل اوپن ٹینس منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں جاری ہیں، ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز ، مینز ڈبلز اور ویمنز ڈبلز مقابلے ہوں گے۔بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور آسٹریلین اوپن ٹینس 2023ء کی چیمپئن آرینا سبالینکا نے آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام سے قبل برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔25 سالہ آرینا سبالینکا نے آسٹریلین اوپن ٹینس 2023ء کے فائنل میچ میں قزاخستان کی ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینا کو شکست دی تھی، برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 31 دسمبر 2023سءے 7 جنوری 2024ء تک برسبین میں کھیلا جائے گا۔عالمی نمبر ٹوآرینا سبالینکا نے منتظمین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاہے کہ میں برسبین میں اپنے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹائٹل کے دفاع سے قبل وارم اپ ایونٹ میں شرکت کے لیے پرجوش ہوں، میلبورن میں اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد آسٹریلیا میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہےبرسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کیم پیئرسن نے کہا کہ وہ بیلاروسی کھلاڑی آرینا سبالینکا اور ماسکو میں پیدا ہونے والی قزاخستان کی ایلینا ریباکینا کے استقبال کے منتظر ہیں۔کیم پیئرسن نے کہا کہ وہ آسٹریلوی نک کرگیوس کو ٹورنامنٹ میں خوش آمدید کہیں گے اگر وہ انجری سے بروقت صحت یاب ہو گئے، نک کرگیوس کے گھٹنے کی جنوری میں سرجری ہوئی تھی اور وہ اب بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔




