بھارت کیخلاف ڈیوس کپ کیلئے پاکستان ٹینس ٹیم کا اعلان، اعصام الحق کپتان مقرر
امید ہے پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کیلئے حکومت پاکستان فنڈز جاری کرے گی-فوٹو:فائل
اسلام آباد: بھارت کیخلاف ڈیوس کپ کیلئے پاکستان ٹینس ٹیم کا اعلان کردیا گیا، اعصام الحق کپتان ہوں گے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف 3 اور 4 فروری کو اسلام آباد میں ہونیوالے ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی میں پاکستان کی نمائندگی اعصام الحق، عقیل خان، محمد عابد، محمد شعیب اور برکت اللہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کاوشوں کے باعث پاکستان نے ڈیوس کپ کی میزبانی حاصل کی، بھارت کو انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے سامنے ذلت کا سامنا کرنا پڑا، حیرانی ہے کہ مودی سرکار ٹینس میں بھی سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہمارا مؤ قف تسلیم کیا ہے۔

اسلام آباد:پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
سیاست اپنی جگہ لیکن کھیلوں میں ایسا نہیں ہوناچاہیے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان سپورٹس ڈپلومیسی دوبارہ شروع ہونی چاہئے.انہوں نے کہا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پاکستان کی شمولیت بڑا اقدام ہے۔ بھارتی امیدوار کو میرے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، انڈین ٹینس ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کی فہرست بھجوادی ہے۔ امید ہے پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کیلئے حکومت پاکستان فنڈز جاری کرے گی۔




