غیر قانونی طریقے سے برطانیہ جانے والے 5 تارکین وطن سردی سے ہلاک

لندن: فرانس سے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ جانے والے 5 تارکین وطن سردی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سخت سردی میں شمالی فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کے دوران 5 تارکین وطن ہلاک جبکہ چھٹے کی حالت نازک ہے اور 30 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا، 2024ء میں انگلش چینل عبور کرنے والے تارکین وطن کی پہلی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔میری ٹائم حکام کے مطابق 2023ء میں 12 تارکین وطن چینل کو عبور کرنے کی کوشش میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، گزشتہ سال تقریباً 30 ہزار تارکین وطن نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے مین لینڈ یورپ سے انگلش چینل کے ذریعے برطانیہ کا رخ کیا۔فرانسیسی میری ٹائم اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایک فرانسیسی بحری جہاز بچاؤ کیلئے گیا اور پانی میں بے ہوش اور بے جان لوگوں کو دیکھا، اس وقت پانی کا درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، زندہ بچ جانے والوں کو کیلیس میں ایک پناہ گاہ میں لے جایا گیا۔میری ٹائم حکام کے مطابق 30 سے زیادہ افراد کو بچا لیا گیا تھا لیکن ایک شخص نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ تقریباً 70 تارکین وطن کو صبح تین بجے کے قریب لایا گیا جن میں چھوٹے بچوں سمیت پورے خاندان تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں