سعودی عرب کو فیفا ورلڈ کپ 2034ء کی میزبانی مل گئی
شہزادہ محمد بن سلمان کومبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی سعودی عرب کی عالمی کھیلوں میں بڑھتے اثرو رسوخ کا مظہر ہے،شہبازشریف
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کو 2034ء کے فیفا فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی مل گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز سعودی عرب کو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے 2034ء کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا۔سعودی عرب پہلی مرتبہ فیفا مینز ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا، سعودی عرب کے5 شہروں کے 15 مختلف اسٹیڈیمز ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کریں گے۔اس کے علاوہ عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی کے ورچوئل کانگریس نے تصدیق کی ہے کہ 2030ء کے ورلڈ کپ کی مراکش، اسپین اور پرتگال مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے، جنوبی امریکا میں بھی 2030ء کے ورلڈکپ کے 3 میچز کھیلے جائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 4 اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر 2034ء کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے فیفا ورلڈ کے 2034ء کی میزبانی حاصل کرنے پر سعودی عرب کو مبارکباد دی، محمد شہبازشریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کومبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی سعودی عرب کی عالمی کھیلوں میں بڑھتے اثرو رسوخ کا مظہر ہے۔




