چیمپئنز ٹرافی: محمد شامی نے پہلے ہی میچ میں کئی ریکارڈز توڑ ڈالے
محمد شامی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے والے بولر کا ریکارڈ اپنے نام کیا
دبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔
دبئی سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے اور بھارت کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے بیٹنگ شروع کی تو ابتدا میں ہی بیٹرز پویلین واپس لوٹنے کی جلدی میں نظر آئے، بنگلہ دیش کے خلاف شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں
محمد شامی نے اس شان دار کارکردگی کے دوران بھارت کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے والے بولر کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور اجیت اگرکار کو اس ریکارڈ سے محروم کردیا۔
https://www.facebook.com/photo.php?fbid=1034914371999286&set=a.649653573858703&type=3&ref=embed_post
انجری کے باعث طویل عرصے تک دوری کے بعد بھارت کی ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد شامی نے اپنے کیریئر کے 104 ویں ون ڈے میچ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔
محمد شامی اس ریکارڈ کے حصول میں عالمی سطح پر آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 102 میچوں میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھاشامی نے گیندوں کے اعتبار سے دنیا میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے، محمد شامی نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے 5 ہزار 126 گیندیں کرائیں جبکہ مچل اسٹارک نے 5 ہزار 200 گیندیں کرانے کے بعد یہ ریکارڈ بنایا ہے۔
https://www.facebook.com/photo.php?fbid=1034922021998521&set=a.649653573858703&type=3&ref=embed_post
انہوں نے بھارت کی جانب سے آئی سی سی کے 50 اوورز کے عالمی ایونٹس (ورلڈ کپ اور چمپیئنز ٹرافی) میں سب سے زیادہ 60 وکٹیں حاصل کرنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا ہے، اس سے قبل یہ اعزاز ظہیر خان کو حاصل تھا جنہوں نے 59 وکٹیں حاصل کی تھیں، جواگل سری ناتھ نے 47 اور رویندرا جدیجا نے 43 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔




