چیمپئنز ٹرافی: افغانستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا
انگلینڈ کی ٹیم 326 رنز کے تعاقب میں 49.5 اوورز میں 317 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی
لاہور: (جاگیرنیوز) چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کے اہم میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کا پہلا اپ سیٹ کر دیا.
326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، انگلش ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز فل سالٹ اور بین ڈکٹ نے کیا تاہم فل سالٹ 12 کر آؤٹ ہوگئے، تیسرے نمبر پر آنیوالے بلے باز جیمی سمتھ 9 رنز بناکر چلتے بنے، بین ڈکٹ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔چوتھے نمبر پر آنیوالے بلے باز جوروٹ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھایا اور 120 رنز کی شاندار اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے، ہیری بروک 25، کپتان جوز بٹلر 38 رنز بناکر چلتے بنے۔انگلینڈ کی چھٹی وکٹ لیام لیونگسٹون کی گری جو 10 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے، جیمی اوورٹن 32، جوفرا آرچر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے ابراہیم زدران نے 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی 3 وکٹیں صرف 37 رنز کے مجموعی سکور پر گر گئیں، رحمان اللہ گرباز 6، صدیق اللہ اتل اور رحمت شاہ 4، 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔تاہم اوپنر بلے باز ابراہیم زدران نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 177 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان حشمت اللہ شاہدی اور محمد نبی 40، 40 جبکہ عظمت اللہ عمرزئی 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 ، لیام لیونگسٹون نے 2 جبکہ جیمی اوورٹن اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔




