علی سسٹرز آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش میں کامیابی کے بعدوطن واپس پہنچ گئیں

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت کھلاڑیوں نے عالمی مقابلے میں دو طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا

پشاور: (جاگیرنیوز)آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر دو گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتنے والی پشاور کی علی سسٹرز وطن واپس پہنچ گئیں، پشاور ایئرپورٹ پہنچنے پر کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت کھلاڑی ماہ نور علی، مہوش علی اور سحرش علی نے آسٹریلیا میں ہونے والے عالمی مقابلے میں نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ دو طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈلز جیتنے والی کھلاڑیوں نے کہا کہ آسٹریلین اوپن ایک مشکل اور سخت مقابلہ تھا، لیکن انہوں نے بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ اس میں کامیابی حاصل کی، ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ ملک کے لیے مزید فتوحات حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔سکواش کے حلقوں میں اس شاندار کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے جبکہ کھیلوں سے وابستہ افراد نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کریں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں