میدان جنگ میں شکست، خضدار میں بھارتی دہشتگردوں کا سکول بس پر خودکش حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

قوم دہشتگردی کے خلاف متحد رہے کیونکہ دشمن کی یہی کوشش ہے کہ ہمارے اندر تفرقہ پیدا کرے،وزیرداخلہ محسن نقوی

خضدار (جاگیرنیوز)بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں نے خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس کو خودکش دھماکے سے نشانہ بنایا جس میں 3 بچوں سمیت 5 شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوس ناک واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیا، جہاں ایک سکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے نے قیامت صغریٰ برپا کردی۔جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حملہ خودکش نوعیت کا تھا، جس میں حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ کچھ بچوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور دہشت گرد کے سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی گھناؤنی کوشش ہے۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان درندہ صفت عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد رہے کیونکہ دشمن کی یہی کوشش ہے کہ ہمارے اندر تفرقہ پیدا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست ایسے عناصر کے خلاف مکمل طاقت سے کارروائی کرے گی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا ہے کہ دھماکے میں 38 بچے زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کےعلاقے خضدار میں سکول بس پر دہشتگرد حملہ کیا گیا، بزدلانہ حملے میں سکول کے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 بچوں سمیت 5 افراد شیہد ہوئے، دہشتگرد حملے میں متعدد بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی، بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس بھیانک منصوبے کو انجام دیا، میدان جنگ میں ناکامی پر بھارت بلوچستان اور کے پی میں پراکسیز سے دہشتگردی کروا رہا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال بھارتی سیاسی قیادت کی اخلاقی پستی اور بنیادی انسانی اقدار کی نفی کا مظہر ہے، اس بزدلانہ بھارتی سرپرستی میں کیے گئے حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے اس مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، پاک افواج پوری پاکستانی قوم کی حمایت سے بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی دہشت گردی کا ہر پہلو سے قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں سکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا سکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگردوں نے سکول بس پر حملہ کر کے درندگی کی تمام حدیں پار کر لیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال، بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے خضدار میں زخمی ہونے والے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ ان دہشت گردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، سکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم اور متحد ہیں۔ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کر کے معصوم بچوں پر حملہ کیا، سکول بس پر حملہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں