کوالالمپورنیشنز ہاکی کپ: نیوزی لینڈٹیم پاکستان کو 3-4 سے ہراکرسیمی فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان ٹیم پہلے ہاف میں برتری کے باوجود میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی،میچ چوتھے کواٹر کے 52ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پراسکاٹ کولسٹ نے گول کرکے کیویز کو برتری دلوائی
کوالالمپور:(جاگیرنیوز )پاکستان کو نیشنز ہاکی کپ کے اہم معرکے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-4 سے شکست سے دو چارہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے اہم معرکے میں پہلے کواٹر کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لیںڈ کیخلاف 1-3 کی برتری حاصل کرلی تھی۔نیوزی لینڈ نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے کواٹر کے 6 منٹ میں اپنا پہلا گول اسکور کیا، کیویز کی جانب سے ووڈ نک گیند کو جال میں پہنچایا، تاہم میچ کے 13ویں اور 14ویں منٹ میں پاکستان نے مسلسل 2 گولز داغ کر برتری حاصل کی۔دوسرے کواٹر میں بھی پاکستان نے اپنے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور حریف ٹیم کےخلاف 28ویں منٹ میں گول کرکے برتری بڑھادی۔پاکستان کی جانب سے ابتدائی دونوں گولز عبدالرحمان جبکہ تیسرا گول رانا وحید اشرف نے کیے۔میچ کے تیسرے کواٹرے میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر مسلسل حملے جاری رکھے، 43ویں اور 45ویں منٹ میں اسکاٹ کولسٹ نے مسلسل 2 گول کرکے پاکستان کی برتری کو ختم کردیا اور میچ 3-3 گولز سے برابر ہوگیا۔میچ چوتھے اورآخری کواٹر میں کیویز کی جانب سے52ویں منٹ میں اسکاٹ کولسٹ نے میچ کا تیسرا گول کرکے کیویز کو پاکستان کیخلاف برتری دلوائی، انہوں نے پنالٹی کارنر پر گول اسکور کیا اور یوں نیوزی لینڈ نے پاکستان پر 3-4 کی سبقت حاصل کرلی۔کیویز کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کو ملائیشیا اور جاپان کے میچ کا انتظار کرنا پڑے گا، اگر میزبان ٹیم کو شکست ہوئی تو پاکستان ٹاپ 4 جگہ بناسکے گا۔دوسری جانب پول اے سے فرانس اور کوریا کی ٹیموں نے پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔




