پاکستان ایشیئن چیمپئن بننے میں ناکام، جاپان نے0-3 سے ہاکی ایشیا کپ جیت لیا
جاپان نے پاکستان کو بآسانی 0-3 سے شکست دی،پاکستان انڈر18 ٹیم فائنل مقابلے سے قبل تک ناقابل شکست رہی
دازھو: (جاگیر نیوز) جاپان نے پاکستان کو شکست دیکر انڈر 18 ہاکی ایشیاء کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چین کے شہر داژو میں جاری ہاکی ایشیاء کپ انڈر18 میں پاکستان ایشیئن چیمپئن بننے میں ناکام رہا ہے، فائنل مقابلے میں جاپان نے پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 0-3 سے شکست دے دی ہے، جاپان نے دوسرے، تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں گول سکور کیے۔قبل ازیں، پاکستان نے سیمی فائنل مقابلے میں ملائیشیا کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔پاکستان انڈر18 ٹیم ایشیاء ہاکی کپ میں فائنل مقابلے سے قبل تک ناقابل شکست رہی تھی، پاکستان نے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو 0-8 سے شکست سے دو چار کیا۔سری لنکا کیخلاف پاکستان نے 0-9 سے یک طرفہ طور پر مقابلہ اپنے نام کیا، بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کو 3-6 سے کامیابی حاصل ہوئی جبکہ میزبان چین کو پاکستان نے 1-2 سے شکست دی تھی۔




