بورےوالا: ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ، ٹریفک پولیس کی غفلت پر شہری سراپا احتجاج

خواتین، بچوں اور معمر افراد کے لیے سڑک عبور کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے،ٹریفک پولیس فوری طور پر عملی اقدامات کرے،فائل فوٹو

بورےوالا:(جاگیرنیوز) شہر اور نواحی علاقوں میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات شہریوں کے لیے لمحہ فکریہ بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئے روز ہونے والے حادثات نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں بلکہ متاثرہ خاندانوں کو ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس افسوسناک صورتحال کے باوجود ٹریفک پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے، جو صرف اعلانات اور رسمی کارروائیوں تک محدود دکھائی دیتی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق، آبادیوں کے قریب سے گزرنے والی گاڑیاں نہ صرف حد سے زیادہ تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتی ہیں بلکہ پریشر ہارن بجا کر شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتی ہیں۔ راہگیروں خصوصاً خواتین، بچے اور معمر افراد کے لیے سڑک عبور کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس فوری طور پر عملی اقدامات کرے۔ شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے لیے مقررہ اسپیڈ لِمٹ نافذ کی جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سڑکوں پر مؤثر نگرانی کے لیے ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ عوامی حلقوں نے تجویز دی ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لیے نہ صرف اسپیڈ کنٹرول بلکہ روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔سماجی تنظیموں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پُرزور اپیل کی ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ “انسانی جانیں سب سے قیمتی ہیں، لہٰذا متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ فوری اور عملی اقدامات اٹھا کر شہریوں کو تحفظ فراہم کریں۔”

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں