شاندار پنجاب انیشی ایٹو کے تحت سیالکوٹ کو ایک نیا سیاحتی مرکزبنے گا، ڈاکٹر احسان بھٹہ

سیالکوٹ علامہ اقبال کا شہر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی صنعتی عظمت اور عالمی شہرت کے باعث منفرد پہچان رکھتا ہے

راولپنڈی:( جاگیرنیوز )سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ”شاندار پنجاب انیشی ایٹو“ کے تحت سیالکوٹ کو ایک نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا ہے.
سیالکوٹ علامہ اقبال کا شہر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی صنعتی عظمت اور عالمی شہرت کے باعث منفرد پہچان رکھتا ہے۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے یہ بات اپنے دورہ ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے مجوزہ سیالکوٹ میوزیم کے قیام سے متعلق تفصیلی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، ڈائریکٹر کنزرویشن، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن، ریجنل منیجر پی ایس آئی سی اور کنسلٹنٹ فرم کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی وژنری قیادت اور سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت محترمہ مریم اورنگزیب کی متحرک رہنمائی میں محکمہ سیاحت پنجاب صوبے کے ثقافتی، تاریخی اور ورثہ پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ سیالکوٹ میوزیم شہر کے تابناک ماضی اور تخلیقی شناخت کو اجاگر کرے گا۔ میوزیم میں تین خصوصی گیلریاں قائم کی جائیں گی ، آرکیالوجی گیلری، آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری، اور ہیروز آف سیالکوٹ گیلری .جن میں سیالکوٹ کی تاریخی عظمت، فنی مہارت اور صنعتی کارناموں کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس کے بعد ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مجوزہ میوزیم سائٹ کا معائنہ کیا اور عمارت کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عمارت کو ایک ہفتے کے اندر سفید رنگ (وائٹ واش) اور تزئین و آرائش کے بعد محکمہ کے حوالے کیا جائے تاکہ میوزیم کے قیام کے عملی مراحل کا آغاز کیا جا سکے۔سیکرٹری سیاحت نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کے باہمی اشتراک سے پنجاب کے ثقافتی ورثے کی بحالی اور سیاحتی مقامات کے فروغ میں نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شاندار پنجاب انیشی ایٹو کے تحت حکومتِ پنجاب ایک پائیدار، جامع اور جدید سیاحتی ڈھانچے کے قیام کے لیے پرعزم ہے، جو نہ صرف ورثے کے تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ ثقافت کے فروغ اور صوبے کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں