آروڑ یونیورسٹی سکھر اور پاک بحریہ کی مشترکہ آرٹ نمائش
فنِ مصوری اور مجسمہ سازی کی نمائش اور اسناد تقسیم کی تقریب میرٹائم میوزیم کراچی میں
ہوئی
کراچی (جاگیر نیوز) آروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج سکھر نے پاک بحریہ کے اشتراک سے فنِ مصوری اور مجسمہ سازی کی نمائش کا انعقاد میرٹائم میوزیم، کارساز کراچی میں کیاگیا.
بعد ازاں مارکۂ حق اور بنیانُ المرصوص آپریشنز کے حوالے سے اسناد تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کموڈور مدثر خورشید، ستارۂ امتیاز (ملٹری) تھے، جنہوں نے آروڑ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، وائس چانسلر اروڑ یونیورسٹی اور مہمانِ اعزاز نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کے مشن اور وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آروڑ یونیورسٹی تعلیم و صنعت کے مابین پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اختراع، تخلیق اور کاروباری مہارت سے آراستہ گریجویٹس تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ ہوا، جبکہ طلبہ کو مارکۂ حق وال اور آرٹ نمائش میں شاندار کارکردگی پر اسناد سے نوازا گیا۔اروڑ یونیورسٹی نے منصور زبیری، معروف مصور اور پروفیسر آف پریکٹس، کے لیے دلی تشکر کا اظہار کیا جنہوں نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے قومی سطح پر قیمتی مواقع فراہم کیے۔یونیورسٹی نے فیکلٹی آف ویژوئل آرٹس کے اساتذہ حبیب الرحمٰن (چیئرمین اِن چارج)، شوکت منگی، کاشف منگی، محترمہ عاقصہ احد اور دیگر اساتذہ کرام کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے طلبہ کی رہنمائی اور تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔آخر میں، اروڑ یونیورسٹی نے اپنے معزز مہمانوں عامر حیدر بٹ، عدنان کہر، فیصل خواجہ، حمیر سومرو اور دیگر معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی شرکت سے تقریب کو کامیاب اور یادگار بنایا۔




