ریسکیو 1122 مری کا سرمائی الرٹ، اہلکار ہائی الرٹ پر ، شہریوں سے احتیاط کی اپیل

ایمرجنسی کور پلان کے تحت مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں تمام ریسکیو اسٹیشنز اور کی پوائنٹس پر اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں گے

راولپنڈی ( جاگیر نیوز) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری کی جانب سے سرمائی سیزن، بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر خصوصی ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایمرجنسی کور پلان کے تحت مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں تمام ریسکیو اسٹیشنز اور کی پوائنٹس پر اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ریسکیو 1122 مری کے ترجمان نے بتایا کہ موسم سرما میں برفباری، شدید سردی اور پھسلن کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں سنو چینز اور مناسب ایندھن کا بندوبست رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔ترجمان کے مطابق مری اور کوٹلی ستیاں میں تعینات ریسکیو اہلکاروں کو ایمرجنسی گاڑیاں، ایمبولینسز، ریسکیو وہیکلز اور لائف سیونگ آلات فراہم کر دیے گئے ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں عوامی سہولت کے لیے ریسکیو کیمپ پوائنٹس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان پوائنٹس پر تربیت یافتہ عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔مزید بتایا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں سڑکوں پر پھسلن کے باعث ہونے والے حادثات، برف میں پھنسنے والے افراد اور طبی ایمرجنسیوں کی صورت میں فوری امداد فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ برف ہٹانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ریسکیو 1122 مری کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قیمتی جانوں کے تحفظ کو ممکن بنایا جا سکے.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں