ستھرا پنجاب پروگرام ،اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں کی صدارت میں اجلاس

اجلاس کے دوران شرکاء کو ستھرا پنجاب پروگرام کے بنیادی مقاصد اور جاری سرگرمیوں سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی

راولپنڈی ( جاگیر نیوز)ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی و ماحولیات کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول کوٹلی ستیاں میں منعقد ہوا.
اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں ڈاکٹر ثناء رام چند نے کی ،جس میں تمام یونین کونسلز کے سیکرٹریز، مقامی نمبرداران، آئمہ مساجد، اسکول اساتذہ، معزز شہری اور مختلف دیہاتوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس کا مقصد عوامی سطح پر صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور صحتِ عامہ کے حوالے سے اجتماعی شعور بیدار کرنا اور ستھرا پنجاب پروگرام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔اجلاس کے دوران شرکاء کو ستھرا پنجاب پروگرام کے بنیادی مقاصد اور جاری سرگرمیوں سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر مختلف یونین کونسلز کے نمائندوں نے اپنے علاقوں میں صفائی کے مسائل، عوامی رویّوں اور عملی مشکلات پر روشنی ڈالی جبکہ کئی مفید تجاویز اور سفارشات بھی پیش کی گئیں تاکہ منصوبے کو مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔ڈاکٹر ثناء رام چند نے اپنے خطاب میں کہا کہ ستھرا پنجاب کا مقصد صرف گلیوں اور بازاروں کی صفائی نہیں بلکہ عوام میں ذمہ داری، نظم و ضبط اور اجتماعی شعور پیدا کرنا ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے گھروں، محلّوں اور اداروں کو صاف رکھ کر آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی حکومتی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا اس لیے ضروری ہے کہ کمیونٹی سطح پر لوگ خود بھی صفائی کے عمل کا حصہ بنیں اور دوسروں کو بھی اس میں شامل کریں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی، کچرا تلفی اور ماحولیاتی بہتری کے کاموں میں بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ کوٹلی ستیاں کو حقیقی معنوں میں ستھرا اور سرسبز علاقہ بنایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے ڈاکٹر ثناء رام چند کی کاوشوں کو سراہا اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں