پیپلز پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے تنظیمی امور کانیر بخاری کی زیر صدارت اجلاس
اجلاس کے دوران خیبر پختون خواہ میں پارٹی کے تنظیمی عمل پر طویل اور مفصل مشاورت کی گئی، سیکرٹری جنرل ہمایوں خان اور مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے خصوصی شرکت کی
اسلام آباد ( جاگیرنیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے خیبر پختون خواہ کے تنظیمی امور کے لیے قائم کردہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں سید نیئر حسین بخاری کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان اور مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خیبر پختون خواہ میں پارٹی کے تنظیمی عمل پر طویل اور مفصل مشاورت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی کو صوبے میں فعال بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ شرکاء نے نچلی سطح پر تنظیم سازی کے عمل کو تیز کرنے، کارکنان کی شکایات کے سنجیدہ ازالے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور و خوض کیا۔ اجلاس میں یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا کہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاسوں میں خیبر پختون خواہ کے دیگر سینئر رہنماؤں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ وسیع تر مشاورت کے ذریعے ایک مؤثر حکمت عملی وضع کی جا سکے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ تنظیم سازی کا عمل محض رسمی نہیں ہوگا بلکہ کارکنوں کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے تمام مراحل مکمل کیے جائیں گے تاکہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو عوامی امنگوں کے مطابق مضبوط بنایا جا سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے صدر سید نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ
“چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر یہ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ ہمارا مقصد پارٹی کے اندرونی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور ہر کارکن کو یہ احساس دلانا ہے کہ اس کی آواز قیادت تک پہنچ رہی ہے۔”




