ہائی ٹیک یونیورسٹی کانووکیشن: گورنر پنجاب بطورمہمان خصوصی شریک

گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں
مختلف انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں میں کل 1,166 طلباء کو ڈگریاں عطاءکی گئیں
راولپنڈی: ( جاگیر نیوز) ہائی ٹیک یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدکیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کانووکیشن میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔مختلف انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں میں کل 1,166 طلباء کو ڈگریاں عطاءکی گئیں۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کانووکیشن میں شرکت اعزاز ہے۔ گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس سنگ میل کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یونیورسٹی کے گریجویٹس پاکستان کی ٹیکنالوجیکل ترقی میں مؤثر طریقے سے حصہ ڈال رہے ہیں۔ فارغ التحصیل گریجویٹس قومی اور بین الاقوامی معروف اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان میں 64فیصد نوجوان ہیں، ملک کا مستقبل ان کے ساتھ جڑا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔ سیرت النبی کے مطالعہ سے ہم اپنے کردار کو تعمیری اور مثبت بنا سکتے ہیں۔ تعلیمی برتری کو فروغ دینے اور HITEC یونیورسٹی کی ساکھ بڑھانے میں وائس چانسلر اور فیکلٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی اور مجموعی ترقی خوش آئند ہے۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایس کامران آفاق نے گزشتہ دو سال میں یونیورسٹی کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نئے تعلیمی پروگراموں کے آغاز کے بارے میں بتایا جن میں سول انجینئرنگ، بی ایس بائیو میڈیکل انجینئرنگ، ایم ایس کمپیوٹر انجینئرنگ، پی ایچ ڈی کمپیوٹر سائنس اور پی ایچ ڈی کمپیوٹر انجینئرنگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے الیکٹریکل (پاور) انجینئرنگ کے طلباء کے لیے ہائی وولٹیج ریسرچ لیبارٹری کے قیام کا اعلان کیا جو پاکستان میں صرف محدود تعداد کی انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں دستیاب ہے۔کانوکیشن کے دوران 14 پی ایچ ڈی ڈگریاں عطاء کی گئیں جن میں کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ سے 6، الیکٹریکل انجینئرنگ سے 3، مکینیکل انجینئرنگ سے 1، اور اسلامیات اور میتھمیٹکس ڈیپارٹمنٹس سے ہر ایک سے 2 شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 93 طلباء کو ایم ایس ڈگریاں دی گئیں جبکہ 1,059 گریجویٹس نے الیکٹریکل انجینئرنگ، مکینیکل انجینئرنگ، کمپیوٹر انجینئرنگ، سافٹ ویئر انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، بائیو میڈیکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، بزنس ایڈمنسٹریشن، اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس، اسلامیات اور میتھمیٹکس میں انڈرگریجویٹ ڈگریاں حاصل کیں۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں