راولپنڈی کھلے مین ہولز:واسا کی فوری کارروائیاں، شہریوں سے تعاون کی اپیل
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں واسا راولپنڈی نے کھلے اور ٹوٹے ہوئے مین ہولز سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں
راولپنڈی یکم فروری ( جاگیر نیوز )وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے دیگر اضلاع کی طرح واسا راولپنڈی نے بھی اپنی حدود میں کھلے اور ٹوٹے ہوئے مین ہولز کے باعث کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔واسا راولپنڈی کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے مین ہولز انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، جس کے پیش نظر ادارے نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ عملے کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ نشاندہی ہونے والے مقامات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ایم ڈی واسا راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی کھلے یا ٹوٹے ہوئے مین ہول کی فوری اطلاع واسا کو دیں تاکہ بروقت مرمت یا حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانا ممکن نہیں۔واسا ترجمان کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے ایک فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا ہے، جس کا فون نمبر 0321-9477240 شہریوں کی سہولت کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔ شہری کسی بھی خطرناک مقام کی اطلاع اس نمبر پر دے سکتے ہیں۔واسا راولپنڈی نے عوام سے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے قبل احتیاطی اقدامات کیے جا سکیں اور قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔




