صدر ورلڈ بینک کا گردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ,خصوصی عبادت کی،لنگر خانہ میں کھانا کھایا
گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں صدر ورلڈ بینک کی آمد سے مثبت پیغام جائے گا، سردار رمیش سنگھ اروڑہ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں تاریخی مذہبی عبادت گاہوں میں تزین و آرائش کا کام جاری ہے، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور
راولپنڈی:( جاگیر نیوز )صدر ورلڈ بینک اجے پال سنگھ بنگا نے گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد ورنگزیب اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں خصوصی عبادت کی۔ انہوں نے گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کے لنگر خانہ میں کھانا کھایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ گردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں صدر ورلڈ بینک کی آمد سے مثبت پیغام جائے گا۔ پاکستان میں تمام مذاہبِ کے پیروکاروں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں تاریخی مذہبی عبادت گاہوں میں تزین و آرائش کا کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یہاں ہر سال بیساکھی کے موقع پر ہزاروں ملکی و غیر ملکی سکھ زائرین مذہبی رسومات کے لیے آتے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (مزارات) متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان ناصر مشتاق، ایڈیشنل سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور ہنجاب حیدر عباس وٹو، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک،سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی،ڈی سی اٹک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔




