دنگل ورلڈ کپ: پاکستان میں بہت جلد منعقدہوگا، پیر سید عاصم علی کاظمی

دنگل ورلڈ کپ روایتی کشتی کومتعارف کروانے کیلئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا،عمران شاہ

پاکستان اور برصغیر نے ہمیشہ دیسی کشتی پر حکمرانی کی ہے، افضل بٹ

اسلام آباد (جاگیر نیوز) پاکستان میں پہلی باررنگ آف پاکستان اور ورلڈ دنگل چیمپئن شپ کے اشتراک سے دنگل ورلڈ کپ 2026 ء کا انعقاد بہت جلد کیا جائیگا،دنگل ورلڈ کپ 2026 میں 20 ممالک کے 20 ایلیٹ پہلوان شرکت کریں گے، جن میں پاکستان، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جاپان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، روس، چین سمیت ایشیا، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک شامل ہوں گے،اس عالمی اقدام کا مقصد دنیا کی قدیم ترین کشتی روایات میں سے ایک کو جدید، پیشہ ورانہ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پیش کرنا ہے، تاکہ ثقافتی ورثے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی ترقی اور بین الاقوامی کھیلوں کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے، اس بات کا اعلان دنگل پاکستان کے چیئرمین اور رنگ آف پاکستان کے بانی پیر سید عاصم علی کاظمی، چیف ایگزیکٹو رنگ آف پاکستان عمران شاہ اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہونے والی دنگل ورلڈ کپ 2026 ء کی لاؤنچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،چیئرمین رنگ آف پاکستان پیر سید عاصم علی کاظمی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک مکمل طور پر منظم اور بین الاقوامی سطح پر مربوط دنگل ورلڈ کپ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستان کو روایتی دیسی کُشتی (دنگل) کے عالمی مرکز کے طور پر متعارف کروایا جا رہا ہے، ہم سب مل کر پاکستان کے لیے کام کر رہے ہیں اور پروفیشنل کشتی کے میدان میں اپنا لوہا منوا چکے ،رنگ آف پاکستان دنیا کے ستر ممالک کے پہلوانوں کو پاکستان کا دورہ کروا چکا ہے اور رفتہ رفتہ یہ قافلہ بڑھتا جا رہا ہے، جو لوگ دیسی کشتی کے ساتھ منسلک ہیں انہیں ہر سطح پر سپورٹ فراہم کی جائے گی ، اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو پورے پاکستان سے ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی، انہوں نے لاہور میں دیسی کشتی فیسٹیول کے انعقاد کا بھی اعلان کیا،اس موقع پر چیف ایگزیکٹو رنگ آف پاکستان عمران شاہ نے کہا کہ 2026 رنگ آف پاکستان ملک بھر سے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہا ہے، نوجوان پہلوانوں کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کیے جائیں گے، لاہور کے پہلوانوں کو برطانیہ لے جایا جائے گا جہاں ان کے مقابلے بھارت کے پہلوانوں سے ہوں گے،دنگل ورلڈ کپ 2026 مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، اور روایتی کشتی کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے پاکستان بھر سے آنے والے پہلوان خاندانوں کو پی ایف یو جے کی جانب سے خوش آمدیدکہتے ہوئےکہا کہ وہ رنگ آف پاکستان کے سی ای او عمران شاہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دیسی کشتی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، پاکستان اور برصغیر نے ہمیشہ دیسی کشتی پر حکمرانی کی ہے اور دنیا بھر کے نامور پہلوان اسی خطے سے تعلق رکھتے رہے ہیں، رستمِ زماں کا اعزاز بھی ہمارے حصے میں آیا ہے۔افضل بٹ نے اعلان کیا کہ رستم پاکستان دنگل کا آغاز لوکل سطح سے کیا جائے گا اور بعد ازاں دیگر ممالک کے پہلوانوں کے درمیان رستمِ زماں کا دنگل منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں ہاکی ہر جگہ کھیلی جاتی تھی اسی طرح دنگل بھی ہر علاقے میں ہوتا تھا،رنگ آف پاکستان (ROP) اور ورلڈ دنگل چیمپئن شپ (WDC) کے درمیان یہ اشتراک شفاف، بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ فریم ورک کے تحت روایتی کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس موقع پر روایتی دیسی کُشتی (دنگل) کے لائیو نمائشی مقابلے بھی کرائے گئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں