لاہوز بسنت میلہ:مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی سامان کی تیاری کی اجازت
کابینہ نےلاہور کے علاوہ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں پتنگ سازی مواد بنانے کی اجازت دی گئی
ان چاروں اضلاع کے رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کر سکیں گے
لاہور:(جاگیرنیوز) لاہور بسنت میلہ کے حوالہ سے پنجاب کابینہ نے لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دے دی ہے. صوبائی کابینہ نے لاہور کے ساتھ ساتھ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابلِ اجازت پتنگ سازی مواد بنانے کی اجازت دی گئی ہے، حکومت پنجاب نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025ء کے تحت منظوری دی ہے. ان 4 اضلاع میں مینوفیکچررز متعلقہ ڈپٹی کمشنر کیساتھ رجسٹر ہونگے، تمام مینوفیکچررز حکومت پنجاب کے e-Biz پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروائیں گے، رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق پتنگ اور ڈور تیار کر سکیں گے، رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کر سکیں گے جبکہ ان اضلاع میں تیار کردہ پتنگیں اور ڈور صرف لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری 2026ء کو استعمال کیلئے فروخت کی جا سکیں گی، ان چاروں اضلاع میں تیار کردہ پتنگ بازی کا سامان لاہور کے علاوہ کسی اور ضلع میں فروخت یا استعمال نہیں ہو گا، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں صرف مینوفیکچرر کی رجسٹریشن ہو گی. ان چار وں اضلاع میں ٹریڈر یا سیلر کے طور پر رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی گئی، چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منظوری کے مطابق انتظامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں.
یاد رہے کہ6،7،8 فروری کو بسنت کی اجازت صرف لاہور کیلئے دی گئی ہے جبکہ مقررہ تواریخ سے قبل پنجاب کے کسی اور ضلع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہے. چاروں اضلاع مزید رہنمائی کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے رابطہ کر سکتے ہیں.




