ڈیوس کپ گروپ ٹو ٹائی: ڈراز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا
پاکستان اور سینیگال کی ٹیمیں اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی، سینیگال کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے ا
اسلام آباد:(جاگیر نیوز) ڈیوس کپ گروپ ٹو ٹائی کے ڈراز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور سینیگال کی ٹیمیں اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔سینیگال کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے اور میچز سے قبل پاکستانی ٹیم کے ساتھ بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جس سے ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ٹائی کے دوران سنگلز اور ڈبلز کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔6 فروری کو پہلے روز پہلے سنگلز میں پاکستان کے مزمل مرتضیٰ بمقابلہ سینیگال کے نکولس جان اوردوسرے سنگلز میں پاکستان کے عقیل خان اور سینیگال کے سیدنا ایندرے مدمقابل ہونگے.

اس موقع پرسینیگال کے کپتان بیڈی ڈائنگ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ “پاکستان ایک مضبوط حریف ہے اور ہوم گراؤنڈ پر انہیں شکست دینا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہمیں گراس کورٹ پر کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو دن سے ہم اسلام آباد کے ماحول اور کنڈیشنز کا جائزہ لے رہے ہیں، اور پاکستان کی مہمان نوازی شاندار رہی ہے،ہمارا ہدف سینیگال ٹینس ٹیم کی عالمی رینکنگ میں بہتری لانا ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور اسٹار کھلاڑی اعصام الحق نے کہا کہ “جب تک ملک کو میری ضرورت ہے، میں ڈیوس کپ کھیلتا رہوں گا اور سینیگال کے خلاف گروپ ٹو کا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہوں۔”انہوں نے مزید کہا کہ حریف ٹیم سینیگال کا گراس کورٹ پر تجربہ کم ہے، جس سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔ خواہش ہے کہ پاکستان اپنی اگلی ٹائی بیرون ملک کھیلے۔ میں اپنے تجربات سے نوجوان کھلاڑیوں کی مہارت میں اضافہ کرنا چاہتا ہوں اور ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا کر سینیگال کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔




