ڈیوس کپ ورلڈ گروپ 2:پاکستان کا شاندار آغاز سینیگال کو دونوں سنگلز میچز میں شکست
پہلے سنگلز مقابلے میں موزمل مرتضیٰ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے سینیگال کے نکولس جادون کو سنسنی خیز تین سیٹوں کے مقابلے میں شکست دی
پاکستان کے تجربہ کار اسٹار عقیل خان نے عمدہ کھیل اور اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئےسینیگال کے سیدینہ آندرے کو ایک اور سخت مقابلے کے بعد شکست دی
اسلام آباد:(جاگیرنیوز) پاکستان نے جمعہ کو ہونے والے افتتاحی سنگلز میچز کے بعد سینیگال کے خلاف ڈیوس کپ ورلڈ گروپ II ٹائی میں مضبوط 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔پہلے سنگلز مقابلے میں موزمل مرتضیٰ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے سینیگال کے نکولس جادون کو سنسنی خیز تین سیٹوں کے مقابلے میں شکست دی۔

مزمل مرتضیٰ نے دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 6-3، 1-6، 7-5 سے کامیابی حاصل کی اورپاکستان کو ابتدائی برتریدلائی.

دوسرے سنگلز میں پاکستان کے تجربہ کار اسٹار عقیل خان نے عمدہ کھیل اور اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیدینہ آندرے کو ایک اور سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

عقیل خان نے یہ میچ 6-7، 7-6، 6-2 سے جیت کر پاکستان کی برتری 2-0 کر دی. پہلے دن دونوں سنگلز میچز جیتنے کےبعد پاکستان اب دوسرے دن کے مقابلوں میں فیصلہ کن پوزیشن میں ہے۔ہفتہ کو ڈبلز مقابلہ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کی نمائندگی اعصام الحق قریشی اور مزمل مرتضیٰ کریں گے جبکہ سینیگال کی جانب سے سیدینہ آندرے اور نکولس جادون میدان میں اتریں گے۔

ڈبلز کے بعد ڈیوس کپ فارمیٹ کے مطابق دو ریورس سنگلز بھی کھیلے جائیں گے،جن میں مزمل مرتضیٰ بمقابلہ سیدینہ آندرے جبکہ عقیل خان اور نکولس جادون مدمقابل ہوں گے. پاکستان اور سینیگال کے درمیان ڈیوس کپ ورلڈ گروپ II کا یہ ٹائی 06 تا 07 فروری 2026 کو کھیلا جا رہا ہے، جس میں پاکستان ڈیوس کپ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گا۔




