وزیر داخلہ محسن نقوی کی وزیرِ آعظم پاکستان سے ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ
وزیرِ آعظم نے ملک بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات مزیدبہتر بنانے کی ہدایات دیں
لاہور:(جاگیرنیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وزیرِ آعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کر کے انہیں ملک اور بالخصوص اسلام آباد کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر وزیرِ آعظم نے امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی. وزیرِ آعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال،وفاقی دارالحکومت کے انتظامی امور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔وزیرِ داخلہ نے اسلام آباد میں جاری سیکیورٹی اقدامات اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا۔وزیرِ آعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور مؤثر کوآرڈینیشن ناگزیر ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی جلد سری لنکا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سری لنکن صدر کو وزیرِ اعظم کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔




