سرائیکی جرنلسٹس فورم کا مسلم گروپ آف سکولز اینڈ کالجز کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا
اس معاہدے کے تحت سرائیکی صحافیوں کے بچوں کو اسلام آباد میں سکولز اینڈکالجز میں فری داخلہ اور ماہانہ فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی
مسلم گروپ آف سکولز اینڈ کالجز گروپ کی اکیڈمیز میں داخلہ لینے پر بھی 50 فیصد فیس میں رعایت حاصل ہوگی
اسلام آباد :(جاگیرنیوز ) سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان نے سرائیکی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور اپنا وعدہ پورا کر دیا۔ منگل کے روز فورم نے مسلم گروپ آف سکولز اور کالجز کے ساتھ ایک مفاہمت کی یاداشت(ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔اس معاہدے کے تحت سرائیکی صحافیوں کے بچوں کو اس سسٹم کے اسلام آباد میں اسکولز اینڈ کالجز میں فری داخلے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ ماہانہ فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اسی طرح گروپ کی اکیڈمی میں داخلہ لینے پر بھی 50 فیصد فیس میں رعایت حاصل ہوگی۔اس معاہدے کا بنیادی مقصد موجودہ مہنگائی کے دور میں سرائیکی صحافیوں پر اُن کے بچوں کی سکول، کالج اور یونیورسٹی کی بھاری فیسوں کا بوجھ کم کرنا اور انہیں تعلیمی سہولیات میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔سرائیکی جرنلسٹس فورم کی جانب سے معاہدے پر فورم کے صدر یاور بخاری نے جبکہ مسلم گروپ آف سکول اینڈ کالجز کے چیئرمین عبدالمنعم خان نے دستخط کیے۔ اس موقع پر فورم کے چیئرمین مجاہد بھٹی، جنرل سیکرٹری نیر سرحدی، فنانس سیکرٹری طارق نصیر راؤ اور شبیر حسین بھی موجود تھے۔




