اسلام آباد:ایف آئی اے میں بڑے پیمانے پر ترقیاں اور تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

11 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو گریڈ 18 میں ترقی دے کر ڈپٹی ڈائریکٹر بنا دیا گیا ، 8 افسران کو مستقل بنیادوں پر، 4 افسران کو ایکٹنگ چارج کی بنیاد پر ترقی دی گئی ہے

اسلام آباد:(جاگیرنیوز)اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) میں بڑے پیمانے پر ترقیاں اور تبادلے کر دیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد افسران کی ترقیوں اور نئی تعیناتیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 11 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو گریڈ 18 میں ترقی دے کر ڈپٹی ڈائریکٹر بنا دیا گیا ہے۔ ان میں سے 8 افسران کو مستقل بنیادوں پر جبکہ 4 افسران کو ایکٹنگ چارج کی بنیاد پر ترقی دی گئی ہے۔ترقی پانے والے افسران کی نئی تعیناتیوں کے مطابق محمد وقاص رسول کو ڈپٹی ڈائریکٹر لاء، ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ساجد علی کو ڈپٹی ڈائریکٹر لاء، ایف آئی اے فیصل آباد زون مقرر کر دیا گیا ہے۔اسی طرح محمد سجاد اور ثانیہ امتیاز کو ڈپٹی ڈائریکٹر لاء ونگ اسلام آباد میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ خوشنود احمد کو اسلام آباد زون اور شہباز نور کو پشاور زون میں ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔مزید برآں جمال سبحانی کو ایچ آر ایم ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر لاء تعینات کیا گیا ہے، جبکہ مہک عباس کو لاہور، عمر سعید کو بلوچستان اور محمد فیصل کو کراچی زون میں ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ محموداللہ خان فرخ کو سی ٹی ڈبلیو (CTW) ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ مس عائشہ آغا خان کو ایڈیشنل ڈائریکٹر اے ایچ ٹی سی راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں افضل خان نیازی کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن، ایف آئی اے اسلام آباد زون مقرر کیا گیا ہے جبکہ فیضان الحق کو ڈپٹی ڈائریکٹر اے سی سی کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔ان تقرریوں اور ترقیوں کا مقصد ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور مختلف زونز میں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں