علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون کا ایک اہم معاہدہ طے
معاہدے کے تحت دونوں جامعات ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے استعمال کو فروغ دیں گی تاکہ طلبہ کو گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں
اسلام آباد:(جاگیرنیوز) ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کےلیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون کا ایک اہم معاہدہ طے پا گیاہے.
اس شراکت داری کا مقصد فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کو جدید تقاضوں کے مطابق فروغ دینا اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔معاہدے کے تحت دونوں جامعات ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے استعمال کو فروغ دیں گی تاکہ طلبہ کو گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ( Allama Iqbal Open University) پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے پاس ویڈیو ریکارڈنگ کی سہولت، جدید ڈیٹا سینٹر اور اعلیٰ صلاحیتوں کا پرنٹنگ پریس موجود ہے، ہم اِن شعبوں میں بھی تعاون فراہم کرسکتے ہیں۔بحریہ یونیورسٹی ( Bahria University) ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اس لیے جدید آن لائن سہولیات کے ذریعے طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یہ شراکت داری دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ملک میں فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے نظام کو بھی مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس نے خوش آمدید ی کلمات ادا کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا مختصر تعارف پیش کیا۔ بحریہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اوپن ڈسٹنس لرننگ عاصم رضا اور اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کولیبریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید نے اپنے اپنے اداروں کی سہولتوں اور تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط کیے گئے۔ اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے جبکہ بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے ریکٹر، وائس ایڈمرل عابد حمیدنے دستخط کیے.




