ایشین کی تیاریاں: پاکستان اور ایران کی قومی کبڈی ٹیموں کی مشترکہ تربیت کا دوسرا روز
ایران کی قومی کبڈی ٹیم کے ساتھ مشترکہ ٹریننگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک مضبوط بین الاقوامی ٹیم کے خلاف عملی تجربہ حاصل ہو رہا ہے، جو ایشین گیمز میں فائدہ مند ثابت ہوگا
خالد محمود ، سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے بھی تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز سے ملاقات کی، انہوں نے مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تیاریوں اور محنت کو سراہا
سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی
اسلام آباد: (جاگیرنیوز)پاکستان اور ایران کی قومی کبڈی ٹیموں کے درمیان مشترکہ تربیتی کیمپ کے دوسرے روز بھی بھرپور اور مفید تربیتی سرگرمیاں جاری رہیں۔ دونوں ممالک کی قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مشترکہ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، جس کے دوران کھلاڑیوں نے جدید کھیل کی تکنیک، حکمتِ عملی، دفاعی و جارحانہ مہارتوں اور مسابقتی اندازِ کھیل پر خصوصی توجہ دی۔
مشترکہ تربیتی کیمپ کا مقصد 20ویں ایشین گیمز، آئچی-ناگویا، جاپان 2026ء کے لیے پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا اور کھلاڑیوں کو ایک مضبوط اور معیاری بین الاقوامی تربیتی ماحول فراہم کرنا ہے۔ ایران کی قومی کبڈی ٹیم کے ساتھ مشترکہ ٹریننگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک مضبوط بین الاقوامی ٹیم کے خلاف عملی تجربہ حاصل ہو رہا ہے، جو ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم اور فائدہ مند ثابت ہوگا۔ دوسرے روز کی مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کے موقع پر خالد محمود ، سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے بھی تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز سے ملاقات کی۔ انہوں نے مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تیاریوں اور محنت کو سراہا۔اس موقع پر سیکریٹری جنرل پاکستان کبڈی فیڈریشن اور ایران کے معزز ڈیلیگیشن کے اراکین بھی موجود تھے۔ پاکستانی اور ایرانی آفیشلز نے دونوں ٹیموں کے درمیان جاری مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی کیمپ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری کا باعث بنے گا۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے مطابق ایران کی قومی ٹیم کے ساتھ مشترکہ تربیت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ، مختلف اندازِ کھیل کو سمجھنے، دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے اور اپنی تکنیکی و جسمانی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کا قیمتی موقع مل رہا ہے۔ اس طرح کے تربیتی سیشنز بالخصوص ایشین گیمز جیسے بڑے بین الاقوامی مقابلے سے قبل قومی ٹیم کی تیاریوں میں نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی قومی ٹیموں کے درمیان یہ مشترکہ تربیتی کیمپ دونوں برادر ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون، دوستی اور باہمی روابط کی بہترین مثال ہے۔ کھیلوں کے ذریعے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور دوستانہ ماحول میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع مل رہا ہے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری شافع حسین اور صدر چوہدری سالک حسین کی رہنمائی اور سرپرستی میں جاری یہ مشترکہ تربیتی سرگرمیاں پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کو آئندہ 20ویں ایشین گیمز، آئچی-ناگویا، جاپان 2026ء کے لیے زیادہ مضبوط، پُراعتماد اور بہتر انداز میں تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔پاکستان کبڈی فیڈریشن نے اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ، ایران کبڈی فیڈریشن، دونوں قومی ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف، سیکیورٹی اداروں، میڈیا نمائندگان اور تمام معاون اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا تعاون اس اہم بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمی کو کامیاب بنانے میں نہایت اہم ہے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم کی ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے معیاری تربیتی مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔




