خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس
معصوم نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش اور گہرے صدمے کا باعث ہے، بی بی آصفہ بھٹو
اسلام آباد: (جاگیر نیوز):خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ایکس پر بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش اور گہرے صدمے کا باعث ہے۔ خاتونِ اول نے اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا کی اور متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے واقعے کی مکمل، فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا کہ ہسپتال کے نظام کو بہتر بنانے اور مستقبل میں ہسپتالوں میں اس نوعیت کے سانحات کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ خاتونِ اول نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت ان بچوں کے غمزدہ خاندانوں کی مکمل دیکھ بھال کرے گی تاکہ اس المناک موقع پر ان کے ناقابلِ برداشت درد اور غم کو کم کیا جاسکے-




