پمز میں 15 بچوں کا جاں بحق ہونا المیہ ہے، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، نیر حسین بخاری
دو ہسپتال سنبھالنے میں ناکامی انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ اگر پورے ملک کے ہسپتال بھی اسی نگرانی میں ہوتے تو صورتحال مزید تشویشناک ہوتی
نیر بخاری
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیر حسین بخاری نے پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پمز میں 15 بچوں کا جاں بحق ہو جانا انتہائی افسوسناک اور بڑا المیہ ہے۔ یہ واقعہ مکمل غفلت اور کوتاہی کا نتیجہ دکھائی دیتا ہے، جس کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔نیر حسین بخاری نے کہا کہ تحقیقات کے ذریعے یہ تعین کیا جائے کہ سانحہ کیوں پیش آیا اور اس کے ذمہ دار کون ہیں۔ وزارت کی کارکردگی بھی سامنے آنی چاہیے۔ اگر دو ہسپتال بھی مناسب انداز میں نہیں سنبھالے جا رہے تو متعلقہ وزیر اور حکام کو جوابدہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نظام چلتا ہوا اور گورننس مؤثر نظر نہیں آ رہی۔ جب اس طرح کے سانحات رونما ہوتے ہیں تو عوام کا یہ سوال درست ہوتا ہے کہ کیا ملک میں بیڈ گورننس نہیں ہے؟سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ دکھ کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دو ہسپتال سنبھالنے میں ناکامی انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ اگر پورے ملک کے ہسپتال بھی اسی نگرانی میں ہوتے تو صورتحال مزید تشویشناک ہوتیانہوں نے کہا کہ معصوم اور نوخیز بچوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکا اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔ والدین کو تحقیقات کے عمل میں شامل کیا جائے اور انہیں مکمل حقائق سے آگاہ کرکے مطمئن کیا جائے۔نیر حسین بخاری نے کہا کہ انتظامیہ کی غفلت اور کوتاہی کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔ اگر ایمرجنسی گیٹ نہیں کھولا گیا تو اس کی بھی ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ گیس سلنڈرز کا وارڈز کے اندر رکھا جانا بھی ایک اہم سوال ہے۔ حفاظتی انتظامات اور ہسپتال انتظامیہ کی ذمہ داریوں کا مکمل جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات شفاف انداز میں مکمل کی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔




