فیفا صدر سے پی ایف ایف کے صدر کی اہم ملاقات: پاکستان میں فیفا ایرینا کے افتتاح میں شرکت کی یقین دہانی
ملاقات کے دوران فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے حوالے سے سید محسن گیلانی کے وژن کو سراہا
صدر سید محسن گیلانی نے فیفا صدر اور فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال کے لیے اعتماد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا
سپورٹس ڈیسک
نیویارک:(جاگیر نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران جمعرات کو فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ، انفراسٹرکچر کی ترقی، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے اور مستقبل کے منصوبوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے حوالے سے سید محسن گیلانی کے وژن کو سراہا اور پاکستان میں تعمیر ہونے والے فیفا ایرینا کے افتتاح کے لیے ملک کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔جیانی انفینٹینو نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران پی ایف ایف کے صدر کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی قومی فٹبال ٹیموں کی کارکردگی اور کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔فیفا صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی ایف ایف اپنے آئین میں ضروری ترامیم کرے تاکہ فیڈریشن کے قوانین کو فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے قوانین سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔جیانی انفینٹینو نے سید محسن گیلانی کو یقین دلایا کہ فیفا پاکستان میں فٹبال کے مستقبل کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ ملاقات میں عالمی فٹبال ادارے اور پی ایف ایف کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے نوجوانوں کو کھیلنے اور فٹبال کا تجربہ حاصل کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔پاکستان میں فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کے تناظر میں فیفا صدر نے ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کرائی کہ وہ فیفا ایرینا کے افتتاح کے موقع پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس موقع پر پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے فیفا صدر اور فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال کے لیے اعتماد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی کی حمایت سے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے پی ایف ایف کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔سید محسن گیلانی نے کہا کہ ان کا وژن پاکستان میں ایک مضبوط، جامع اور پائیدار فٹبال نظام تشکیل دینا ہے، جس میں گراس روٹ پروگرامز، نوجوانوں کی ترقی، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور نوجوان پاکستانی فٹبالرز کے لیے بین الاقوامی مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا، “ہماری کوشش ہے کہ فٹبال کو پاکستان کے ہر کونے تک پہنچایا جائے، نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے اور ایسا راستہ فراہم کیا جائے جس کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑی اعلیٰ ترین سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔انہوں نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے فیفا اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔دریں اثنا، جیانی انفینٹینو نے جاری فیفا آسیان کپ 2026ء میں پاکستان فٹبال ٹیم اور پی ایف ایف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ آئندہ ہونے والے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اور فیسٹیول 2026ء کے حوالے سے بھی مستقبل کی سرگرمیوں پر بات چیت کی گئی۔




