صدرِ مملکت آصف زرداری سے وزیرآعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا
اسلام آبا :(جاگیر نیوز)صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر آعظم محمد شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ ملک میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور طے پایا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد جمعہ پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔ ایوانِ صدر کےمیڈیا وِنگ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدرِ مملکت آصف زرداری سے وزیرآعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ملک میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیرآعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیرآعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیرآعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔صدر زرداری اور وزیر آعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا مشترکہ وفد جمعہ کو پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔اس مشترکہ وفد میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ ، امیر مقام اور پیپلز پارٹی کی طرف سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شریک ہونگے۔




