پی ایف ایف انڈر 17 چیمپئن شپ: سندھ انڈس نے کے پی خیبر کو 4-3 سے ہرا کرسیمی فائنل میں جگہ بنا لی

دوسرے میچ میں بلوچستان بولان اور اسلام آباد مارگلہ کے مابین سنسنی خیز مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا

سندھ انڈس اور کے پی کے خیبر میں جاری چیمپئن شپ کے اب تک کے دلچسپ ترین مقابلوں میں سے ایک رہا

سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی

اسلام آباد:(جاگیر نیوز) سندھ انڈس نے پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ 2026ء کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ دوسرے میچ میں بلوچستان بولان اور اسلام آباد مارگلہ کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں دو میچ کھیلے گئے۔سندھ انڈس اور کے پی کے خیبر کے مابین کھیلے ایک سنسنی خیز مقابلے میں سندھ انڈس نے کے پی کے خیبر کو 4-3 سے شکست دے دی۔دن کا پہلا میچ چیمپئن شپ کے اب تک کے دلچسپ ترین مقابلوں میں سے ایک رہا، جہاں کے پی کے خیبر نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم سندھ انڈس کی رفتار اور تکنیکی برتری نے بالآخر میچ کا رخ تبدیل کردیا۔کے پی کے خیبر نے 23ویں منٹ میں عاطف کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جس کے بعد سندھ انڈس نے موسٰی اور رافع کے گولز کی مدد سے مقابلے میں برتری حاصل کرلی۔
سندھ انڈس نے 79ویں منٹ میں رافع کے دوسرے گول کے ذریعے اپنی برتری 4-2 کردی، تاہم کے پی کے خیبر نے ہمت نہیں ہاری۔ عاطف نے 84ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے خسارہ 4-3 کردیا اور میچ کے اختتامی لمحات کو سنسنی خیز بنا دیا۔سندھ انڈس نے آخری لمحات میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔مقابلہ تیز رفتاری سے کھیلا گیا، جس میں کے پی کے خیبر نے خصوصاً پہلے ہاف میں بھرپور توانائی اور جارحانہ انداز کا مظاہرہ کیا۔ تاہم سندھ انڈس نے رفتہ رفتہ میچ پر گرفت مضبوط کی اور اپنی رفتار اور تکنیکی صلاحیت کے ذریعے خیبر کی دفاعی لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔دونوں ٹیموں کے گول کیپرز کی غلطیاں بھی میچ کے نتیجے میں اہم ثابت ہوئیں۔ سندھ انڈس کا آخری گول اس وقت ہوا جب خیبر کے گول کیپر نے گیند اپنے ہاتھوں سے گرا دی، جبکہ کے پی کے خیبر کا تیسرا گول اس وقت آیا جب سندھ کے گول کیپر نے گیند کی سمت کا درست اندازہ نہ لگایا۔دن کے دوسرے میچ میں بلوچستان بولان اور اسلام آباد مارگلہ کے درمیان دلچسپ مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔اسلام آباد مارگلہ کو 24ویں منٹ میں شاہ زیب نے گول کرکے برتری دلائی، تاہم بلوچستان بولان نے 34ویں منٹ میں شیراز کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کردیا۔دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا اور دونوں نے فیصلہ کن گول کے لیے مواقع پیدا کیے۔ 67ویں منٹ میں فہیم کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد بلوچستان بولان دس کھلاڑیوں تک محدود ہوگئی، تاہم ٹیم نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کرلیا۔دونوں میچز میں مجموعی طور پر 8 گولز اسکور ہوئے، جس کے ساتھ پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سندھ انڈس نے شاندار واپسی کے بعد سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں