اطلاعات و نشریات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا صحافیوں کے لیے ایف جی ای ایچ اے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جائزہ
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سید وقار مہدی کی زیرِ صدارت منگل کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں ہوا
صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے مختص پلاٹوں اور فلیٹس کی تقسیم، گزشتہ اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کی صورتحال اور اسکیم کے تحت صحافیوں و میڈیا ورکرز کے لیے مختص موجودہ کوٹے کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد:(جاگیرنیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سید وقار مہدی کی زیرِ صدارت منگل کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اجلاس میں وفاقی حکومت ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے مختص پلاٹوں اور فلیٹس کی تقسیم، گزشتہ اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کی صورتحال اور اسکیم کے تحت صحافیوں و میڈیا ورکرز کے لیے مختص موجودہ کوٹے کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینیٹر سید وقار مہدی اور سینیٹر جان محمد سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اسلام آباد پریس کلب کے جنرل سیکریٹری نے ذیلی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت ذیلی کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور معاملے پر پیش رفت طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہے.انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ عملدرآمد اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرانے والے متعدد صحافی بھی اجلاس میں موجود تھے، جنہوں نے ذیلی کمیٹی کے سامنے اپنے تحفظات اور شکایات پیش کیں۔ ذیلی کمیٹی نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل اور تحفظات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ذیلی کمیٹی کے کنوینر سینیٹر سید وقار مہدی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفاف طریقہ کار اختیار کیا جائے اور مقررہ معیار پر پورا اترنے والے افراد کی فہرستیں متعلقہ فورمز، بشمول پریس کلب، کی ویب سائٹس پر جاری کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں اور فیلڈ میں فرائض کی ادائیگی کے دوران انہیں درپیش مشکلات سے ہم پوری طرح آگاہ ہیں۔کنوینر نے وزارت کے حکام کو تمام متعلقہ قواعد و ضوابط ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے کو حل کیا جائے گا اور کہا کہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات ماہ کے اختتام تک پیش کر دی جائیں گی، جس کے بعد پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے فالو اَپ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔




