بلی جین کنگ کپ ٹینس ٹورنامنٹ اسلام آباد میں پہلی بار 21 اکتوبر سے شروع ہوگا

ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے ٹیموں کی آمد شروع ہو گئی، آٹھ ممالک کی خواتین کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گی، مالدیپ کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے

پاکستان ٹینس فیڈریشن نے تمام ٹیموں اور آفیشلز کے استقبال اور چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے

سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی

اسلام آباد:(جاگیر نیوز)اسلام آباد میں پہلی بار بلی جین کنگ کپ ٹینس ٹورنامنٹ 21 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
آٹھ ممالک کی خواتین کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گی، مالدیپ کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری ٹینس چیمپئن شپ کے لیے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، ایونٹ 21 سے 24 اکتوبر تک پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی ٹینس تاریخ میں پہلی مرتبہ اس عالمی خواتین ٹیم ٹینس مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے مالدیپ کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے، جبکہ بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، پاکستان اور قطر کی ٹیمیں بھی ایونٹ میں حصہ لیں گی۔ مجموعی طور پر آٹھ ممالک کی خواتین کھلاڑیاں ٹائٹل کے حصول کے لیے مقابلہ کریں گی۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن کے عہدیداروں نے مہمان ٹیم کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پی ٹی ایف قیادت نے کہا کہ پاکستان میں اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد ملک میں بالخصوص خواتین کی ٹینس کے فروغ اور عالمی سطح پر کھیلوں کے تعلقات مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خلاف صلاحیتوں کے اظہار اور تجربہ حاصل کرنے کے قیمتی مواقع میسر آئیں گے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن نے تمام ٹیموں اور آفیشلز کے استقبال اور چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ بلی جین کنگ کپ کی میزبانی پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس کی واپسی اور ملک میں بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کی صلاحیت کا اہم مظہر قرار دی جا رہی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں