پٹرولیم ریلیف :حکومت اور جماعت اسلامی کی مشترکہ کمیٹی تشکیل
وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں ،جماعت اسلامی کے جذبے کی قدر کرتے ہیں وہ بھی عوامی ریلیف چاہتی ہے، وزیراعظم بھی ریلیف کیلیے کوشاں ہیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال
پوری دنیا ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے، خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی بحران پیدا ہوا، آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے، تمام ملکوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ہر ملک اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے وسائل جمع کر رہا ہے،احسن اقبال اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ کی مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد:(جاگیرنیوز)حکومت نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دینے کیلئے جماعت اسلامی کے ساتھ ملکر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو مشترکہ تجاویز تیار کرے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ پوری دنیا ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے، خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی بحران پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے، تمام ملکوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ہر ملک اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے وسائل جمع کر رہا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ایسے حالات کسی بھی ملک کی معیشت کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، ہم خطے میں تناؤ کاخاتمہ چاہتے ہیں تا کہ تیل کی قیمتیں کم ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دستیاب وسائل کے مطابق عوام کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے، وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ احسن اقبال نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے اپنی تجاویز دی ہیں جبکہ حکومت اور جماعت اسلامی کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔




