پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر بوجھ کا احساس ہے، وزیراعظم
مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے اور کرتی رہے گی، حکومت علاقائی بحران کے حل کے لئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پہ آ سکے،جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات
وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا اورجماعت اسلامی کے وفد نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کے ریلیف کیلئے اپنے موقف کا اظہار کیا
ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی مندرجہ ذیل اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی،وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے، مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔
جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات میں وزیرآعظم کی گفتگو، وفد کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کی، وفد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناءاللہ ، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا جب کہ جماعت اسلامی کے وفد نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کے ریلیف کیلئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے، حکومت علاقائی بحران کے حل کے لئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پہ آ سکے، موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔وزیراعظم نے وفد کو کم آمدن طبقے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت کی جانب سے اب تک فراہم کی گئی ریلیف کی تفصیل سے آگاہ کیا اور مطلع کیا کہ اب تک ایک کروڑ ستائس لاکھ افراد اس اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔ ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی مندرجہ ذیل اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی:
1. عوام کیلئے پٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
2. پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کیلئے بجٹ کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا۔




