فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ:شاہینز کی ٹونگا کے خلاف گولوں کی بوچھاڑ، 1-6 سے شاندار کامیابی
پاکستان نے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026ء میں اپنی پہلی فتح حاصل کرلی، کلیم اللہ نے چار گول اسکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا
میچ کے چھٹے منٹ میں ٹونگا کو پنلٹی ملنے کے بعد پاکستان کو غیر متوقع طور پر خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا

سپورٹس ڈیسک
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)پاکستان نے آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026ء میں ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے کلیم اللہ نے چار گول اسکور کرتے ہوئے یادگار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے چھٹے منٹ میں ٹونگا کو پنلٹی ملنے کے بعد پاکستان کو غیر متوقع طور پر خسارے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹونگا کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ شاہینز نے فوری طور پر کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کی اور مقابلے کے باقی حصے میں حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔کلیم اللہ نے ساتویں منٹ میں پنلٹی پر گول کرکے پاکستان کو مقابلے میں واپس لانے کے بعد 13ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلا دی۔ دائیں جانب سے آنے والے کراس پر کلیم اللہ نے بہترین ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔
پاکستان نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹونگا کو دفاعی دباؤ میں رکھا۔ کلیم اللہ نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور پنلٹی کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کی برتری مزید مستحکم کردی۔دوسرے ہاف میں بھی شاہینز کے حملوں میں کمی نہ آئی۔ بائیں جانب سے کِک اِن پر آنے والی گیند گول کے دور والے پوسٹ پر موجود کلیم اللہ تک پہنچی، جنہوں نے بلند چھلانگ لگاتے ہوئے شاندار ہیڈر کے ذریعے اپنا چوتھا گول اسکور کیا۔پاکستان کی جانب سے مقبول نے دور سے زوردار شاٹ لگا کر ایک اور گول اسکور کیا، جسے روکنے کا گول کیپر کے پاس کوئی موقع نہیں تھا۔ مصطفیٰ نے بائیں جانب سے بننے والے خوبصورت موو کو عمدگی سے مکمل کرتے ہوئے پاکستان کا چھٹا گول اسکور کیا۔پاکستان نے میچ کے دوران مسلسل مواقع پیدا کیے اور ٹیم مزید گول بھی اسکور کرسکتی تھی۔ عمدہ اٹیکنگ موومنٹ، مسلسل دباؤ اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت نے ابتدائی دھچکے کے بعد پاکستان کو ایک بڑی فتح سے ہمکنار کیا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی بھی میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ میچ سے قبل انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں بلا خوف و خطر کھیلنے کی تلقین کی۔ میچ کے اختتام پر صدر پی ایف ایف نے پوری ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ شاہینز فیفا ورلڈ کپ کی سطح پر فتح حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی ٹیم بن گئی ہے۔صدر محسن گیلانی نے ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نسل کے کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں دنیا کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں کے خلاف کھیلنے اور بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ کھلاڑیوں کو اپنے فٹبال کے سفر میں مستقبل میں بھی ایسے مزید مواقع میسر آئیں گے۔




