سہ ملکی ون ڈے سیریز فائنل:پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ

بابر اعظم اور فخر زمان پر نظریں، شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف ٹیم میں شامل ،شاداب خان طبیعت ناساز ہونے کے باعث فائنل میں شرکت نہیں کر رہے

پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، جہاں رفتار اور باؤنس مستقل رہنے کی توقع ہے، تاہم اسپنرز کو بھی کچھ مدد مل سکتی ہے، ماہرین

سپورٹس ڈیسک

لاہور:(جاگیر نیوز) سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی کپتان کے مطابق شاداب خان طبیعت ناساز ہونے کے باعث فائنل میں شرکت نہیں کر رہے، ان کی جگہ فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان کوسل مینڈس نے بھی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے ایشان مالنگا کی جگہ مہیش تھیکشنا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔پاکستان کی پلیئنگ الیون میں معاذ صداقت، فخر زمان، بابر اعظم، سعد بیگ، سلمان آغا، حسن نواز، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔سری لنکن ٹیم میں کمیندو مینڈس، اویشکا فرنینڈو، کوسل مینڈس، پون رتھنائیکے، سہان آراچیگے، جنتھ لیانگے، داسن شناکا، دنتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، جہاں رفتار اور باؤنس مستقل رہنے کی توقع ہے، تاہم اسپنرز کو بھی کچھ مدد مل سکتی ہے۔ فاسٹ باؤلرز کو وکٹیں حاصل کرنے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔فائنل میں بابر اعظم کی کارکردگی خصوصی توجہ کا مرکز ہوگی، جو گزشتہ میچوں میں اچھی شروعات کے باوجود بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ سری لنکا کے نوجوان بیٹر پون رتھنائیکے بھی عمدہ فارم کے باعث پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتے ہیں۔سری لنکا کی ٹیم نے سیریز کے دوران مسلسل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسے پاکستان کے مضبوط بولنگ اٹیک کے خلاف بڑا مجموعہ ترتیب دینا ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں