گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ساؤتھ ایئر کے وفد کی ملاقات
عوام کو ملک بھر میں آسان سفری سہولیات کی فراہمی اور بین الصوبائی فضائی رابطوں کو بہتر بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گورنر خیبر پختونخوا
خیبرپختونخوا میں فضائی سفری سہولیات کے فروغ، تجارتی پروازوں کے آغاز، ہنگامی طبی سہولیات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ساؤتھ ایئر کے وفد نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد میں ساؤتھ ایئر کے چیئرمین کنور طارق، محترمہ نشاط فاطمہ اور بریگیڈیئر (ر) راشد شامل تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں فضائی سفری سہولیات کے فروغ، تجارتی پروازوں کے آغاز، ہنگامی طبی سہولیات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبے کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے حکومت خیبرپختونخوا اور ساؤتھ ایئر کے اشتراک سے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے مجوزہ منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام کو ملک بھر میں آسان سفری سہولیات کی فراہمی اور بین الصوبائی فضائی رابطوں کو بہتر بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے ساؤتھ ایئر کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فضائی رابطوں میں بہتری سے معاشی سرگرمیوں اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ملاقات کے دوران ساؤتھ ایئر کی جانب سے 9 نومبر 2026 سے پشاور اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی پہلی پرواز کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ ان پروازوں سے ملک کے دیگر بڑے شہروں، بشمول کراچی، کوئٹہ، ملتان اور بہاولپور تک فضائی سفر کی سہولت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ گورنر نے ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی حکومت اور سول ایوی ایشن حکام سے منصوبے پر کام تیز کرنے کی درخواست کریں گے، تاکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور پاراچنار کے عوام کو بہتر فضائی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ گورنر نے سیاحت کے فروغ کے لیے آئندہ شندور فیسٹیول کے موقع پر ہیلی کاپٹر چارٹر سروس متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی۔ اس کے علاوہ شندور جھیل کے سامنے جدید طرز کا ٹینٹ ولیج قائم کرنے کا تصور پیش کیا، جس کا مقصد سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ صوبے میں ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا ہے۔




