23 ویں ایشین اسکواش چیمپئن شپ 2026ء: 10 سال بعد چیمپئن شپ کا ٹائٹل پاکستان کے نام

پاکستان کے نور زمان اورمحمد عاصم خان نےشاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےفائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی

نور زمان کی کامیابی کا اسکور 11-5، 11-7 اور 13-11 رہا، محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 11-6، 11-5 اور 11-4 سے ہرا کر پاکستان کی فتح یقینی بنادی

خواتین کے فائنل میں چین نے دفاعی چیمپئن ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی

سپورٹس رپورٹر

اسلام آباد: (جاگیر نیوز)پاکستان نے 23ویں ایشین اسکواش چیمپئن شپ 2026ء کے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر 10 سال بعد ایشیائی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں قومی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو بے بس کردیا۔پاکستان کی جانب سے نور زمان نے جنوبی کوریا کے جیونگ من ریو کو 3-0 سے شکست دی۔ نور زمان کی کامیابی کا اسکور 11-5، 11-7 اور 13-11 رہا، جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 11-6، 11-5 اور 11-4 سے ہرا کر پاکستان کی فتح یقینی بنادی۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2016ء میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔دوسری جانب خواتین کے فائنل میں ہانگ کانگ چین نے دفاعی چیمپئن ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ ہانگ کانگ کی ٹو لی مان ٹوبی اور چن سن یو نے اپنے اپنے مقابلے جیتے، جبکہ ملائیشیا کی یشمیتھا جادیش کمار نے ایک کامیابی حاصل کی۔خواتین کے چوتھی اور پانچویں پوزیشن کے پلے آف مقابلے میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو 3-0 سے شکست دے دی، جس کے نتیجے میں پاکستان خواتین کی ٹیم پانچویں پوزیشن حاصل کرسکی۔ خواتین کے ایونٹ میں ہانگ کانگ چین نے طلائی، ملائیشیا نے چاندی جبکہ ایران اور جنوبی کوریا نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔اختتامی تقریب میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر، نائب صدر قمر زمان، گوگی علاؤالدین اور سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان بھی موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں