بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی پی ایف ایف آمد، پاکستان اور بنگلہ دیش میں فٹبال روابط مضبوط بنانے پر اتفاق
دونوں ممالک کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور فٹبال کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے

سپورٹس رپورٹر
اسلام آباد:(جاگیر نیوز) پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کا دورہ کیا، جہاں فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نیاز کھوکھر نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کے پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور فروغ کے وژن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد شاہد نیاز کھوکھر نے ہائی کمشنر کو فٹبال کے انتظامی ڈھانچے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری، گراس روٹ سطح پر کھیل کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور خواتین و نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فٹبال کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں کھلاڑیوں، کوچز اور تکنیکی حکام کے تبادلوں، فنی مہارت کے اشتراک اور مشترکہ فٹبال ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔دونوں ممالک کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور فٹبال کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بنگلہ دیش کے ساتھ قریبی روابط کے فروغ اور کھیل کی بہتری کے لیے بامقصد تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔




