اے ایف سی انڈر 17 چیمپئن شپ 2027ءکوالیفائرز : ایران کے خلاف پاکستان کو 1-0 سے شکست
میچ کے نویں منٹ میں خسارے میں جانے کے باوجود پاکستان نے بھرپور انداز میں واپسی کی اور ایرانی ٹیم کو دفاعی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کردیا
قومی ٹیم نے متعدد خطرناک حملے کیے اور گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے، تاہم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی
سپورٹس ڈیسک
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)پاکستان نے اے ایف سی انڈر 17 چیمپئن شپ 2027ء کے گروپ ڈی کوالیفائرز میں ایران کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور عزم، حوصلے اور مقابلے کی صلاحیت کا اظہار کیا، تاہم اسے 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ مقابلہ بدھ کو لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔میچ کے نویں منٹ میں خسارے میں جانے کے باوجود پاکستان نے بھرپور انداز میں واپسی کی اور ایرانی ٹیم کو دفاعی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کردیا۔ قومی ٹیم نے متعدد خطرناک حملے کیے اور گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے، تاہم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔محمد عیسیٰ نے دائیں جانب سے اپنی شاندار رفتار اور مہارت جبکہ حسنین علی نے بائیں جانب سے عمدہ کھیل کے ذریعے ایرانی دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ پاکستان کو میچ کے 89ویں منٹ میں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا خیال تھا کہ گیند گول لائن عبور کرچکی ہے، تاہم ریفری نے اسے گول قرار نہیں دیا۔ایران نے میچ کے نویں منٹ میں امیر محمد زارعی کے ذریعے برتری حاصل کی، جنہوں نے پاکستان کی دائیں جانب سے ہونے والے حملے کے نتیجے میں گیند کو جال میں پہنچایا۔پاکستان نے فوری طور پر جوابی حملہ کیا۔ حسنین علی نے بائیں جانب سے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارنر حاصل کیا، جس پر ندیم حسین کے ہیڈر کو ایرانی گول کیپر نے روک لیا۔پہلے ہاف کے اضافی وقت میں گول کیپر سمر رزاق نے ایک شاندار سیو کے ذریعے پاکستان کو مزید نقصان سے بچایا، جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے ہاف میں زیادہ جارحانہ انداز اپنایا۔سری لنکا کے خلاف 3-1 کی کامیابی سے اپنی مہم کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم نے دوسرے ہاف میں مسلسل حملے کیے۔ اس دوران حضرت عباس کو گول کرنے کا ایک بہترین موقع ملا، تاہم وہ گول کیپر کے سامنے ون آن ون کی صورتحال سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔پاکستان نے میچ کے آخری لمحات میں حارث خان کو میدان میں اتارا تاکہ برابری کا گول حاصل کیا جاسکے، تاہم قومی ٹیم کی بھرپور کوششوں کے باوجود مقابلہ برابر نہ ہوسکا۔پاکستان اب ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ ہفتے کو لاؤس کے خلاف کھیلے گا۔




