بانی پی ٹی آئی سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی طویل ملاقات، قانونی معاملات اور28ویں آئینی ترمیم پر گفتگو

فائل:فوٹو

سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدرکی تقریباً چار گھنٹے تک بانی عمران خان کے ساتھ طویل ملاقات رہی جبکہ بشریٰ بی بی بھی اس ملاقات میں شامل تھیں،سردار لطیف کھوسہ کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

عمران خان کو آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے،ملاقات کے دوران وہ ہشاش بشاش اور مستعد دکھائی دے رہے تھے،ملاقات میں زیادہ تر قانونی امور اور مختلف مقدمات پر بات چیت ہوئی،28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی،اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے،سردار لطیف کھوسہ

یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہوئی، جس نے منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے دونوں کو وکلا سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی تھی

اسلام آباد:(جاگیرنیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر سے ملاقات کرائی گئی ، جس میں قانونی معاملات، زیرِ سماعت مقدمات اور 28ویں آئینی ترمیم پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ وہ اور سلمان صفدر تقریباً چار گھنٹے تک عمران خان کے ساتھ موجود رہے جبکہ بشریٰ بی بی بھی اس ملاقات میں شریک تھیں۔سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ عمران خان کو آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے، تاہم ملاقات کے دوران وہ بظاہر ہشاش بشاش اور مستعد دکھائی دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں زیادہ تر قانونی امور اور مختلف مقدمات پر بات چیت ہوئی،28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، تاہم وہ اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ ان کے مطابق سلمان صفدر کل اس ملاقات کی مکمل تفصیلات سامنے رکھیں گے۔ یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہوئی، جس نے منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے دونوں کو وکلا سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی تھی۔ وکلا نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں اپنے مؤکلوں تک رسائی نہیں دی جا رہی اور اپیلوں پر مؤثر تیاری کے لیے ملاقات ضروری ہے۔یاد رہے کہ عمران خان اگست 2023ء سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جنوری 2025ء سے جیل میں ہیں۔ دونوں کو القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا سنائی گئی تھی اور ان سزاؤں کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔عمران خان کی صحت، بالخصوص بینائی اور بلڈ پریشر، حالیہ دنوں میں بھی زیرِ بحث رہی ہے۔ 11 نومبر کی شب انہیں آنکھ کے معائنے اور مزید علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا۔ ہسپتال کے مطابق ان کی اہم طبی علامات معمول کے مطابق تھیں اور ان کی حالت مستحکم تھی.28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اس سے قبل یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ مجوزہ ترمیم کی حمایت کو عمران خان کی رہائی سے مشروط کیا جائے۔پارٹی ذرائع کے مطابق اس معاملے پر اکثریتی ارکان نے یہی مؤقف اختیار کیا تھا۔تاہم مجوزہ ترمیم کے مندرجات اور اس حوالے سے عمران خان کی تازہ ہدایات کی مکمل تفصیلات سلمان صفدر کل پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی سامنےرکھیں گے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں