نیشنل بنک آف پاکستان قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور بحالی کیلئے ایک قدم آگے
اس اقدام کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے، جن کے تحت نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کو روزگار اور دیگر مراعات کے ذریعے بہتر مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے
این بی پی جیسے بڑے قومی ادارے کا اپنی ہاکی ٹیم کی تشکیل کے لیے آگے آنا قابل تحسین ہے،وفاقی سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی

رپورٹ:سپورٹس رپورٹر
اسلام آباد:(جاگیر نیوز) نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے ایک وفد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کا دورہ کیا، جہاں بینک کی ہاکی ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دورے کا مقصد ملک میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی و حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ وفد میں مدثر انعام اللہ، سینئر نائب صدر و ڈویژنل ہیڈ، اسٹریٹجک مارکیٹنگ ڈویژن، شاہد آفریدی، اسپورٹس کنسلٹنٹ، این بی پی؛ محمد شاہد اسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔اس اقدام کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے، جن کے تحت نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کو روزگار اور دیگر مراعات کے ذریعے ایسے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے جو انہیں قومی کھیل کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر جاری رکھنے اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے قابل بنا سکیں۔وفاقی سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے این بی پی کے اس اقدام کو سراہا اور اسے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ این بی پی جیسے بڑے قومی ادارے کا اپنی ہاکی ٹیم کی تشکیل کے لیے آگے آنا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے پاکستان ہاکی کی بحالی اور نوجوان کھلاڑیوں کے روشن و پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے این بی پی کی ادارہ جاتی معاونت کا خیرمقدم بھی کیا۔وفاقی سیکریٹری، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات سے نچلی سطح سے لے کر قومی سطح تک ہاکی کے فروغ اور بحالی میں مدد ملے گی۔ اور پاکستان کو اس کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے اور ماضی کی شاندار روایات کو دہرانے کا موقع ملے گا۔




