ہیلمٹ زندگی کا محافظ

تحریر:حمید علی

پاکستان میں موٹر سائیکل عام آدمی کی سب سے سستی اور آسان سواری سمجھی جاتی ہے۔ روزانہ لاکھوں افراد موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہیں۔ کوئی روزگار کی تلاش میں گھر سے نکلتا ہے تو کوئی حصولِ تعلیم کے لیے سفر کرتا ہے۔ کوئی اپنے خاندان کی کفالت کے لیے سڑکوں پر محنت کرتا ہے تو کوئی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے اس سواری کا سہارا لیتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس سفر میں اسکوٹی اور الیکٹرک بائیکس کا استعمال بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تاہم ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ دو پہیوں پر سفر کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد آج بھی اپنی حفاظت کے بنیادی تقاضوں کو نظرانداز کرتی ہے۔ سر پر ہیلمٹ نہ پہننا اسی غفلت کی سب سے خطرناک مثال ہے۔ ہیلمٹ محض ٹریفک قوانین کی ایک شق نہیں بل کہ انسانی زندگی اور موت کے درمیان حائل ایک اہم حفاظتی حصار ہے۔ہماری معاشرتی سوچ کا المیہ یہ ہے کہ ہم اکثر خطرات کو اس وقت تک سنجیدہ نہیں لیتے جب تک وہ ہمارے اپنے دروازے پر دستک نہ دے دیں۔ موٹر سائیکل سوار کو بظاہر معمولی سا سفر بھی محفوظ محسوس ہوتا ہے۔ اسے یقین ہوتا ہے کہ حادثہ کسی دوسرے کے ساتھ پیش آئے گا۔ مگر سڑک پر حادثہ کسی کی احتیاط یا ارادے کا پابند نہیں ہوتا۔ ایک لمحے کی بے احتیاطی یا کسی دوسرے ڈرائیور کی غلطی زندگی کا پورا منظر بدل سکتی ہے۔ جسم کے دوسرے حصوں پر لگنے والی چوٹ شاید قابلِ علاج ہو لیکن سر پر شدید ضرب دماغی چوٹ اور موت کا سبب بن سکتی ہے۔ ہیلمٹ اسی خطرے کو کم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ سر کو براہِ راست ٹکر سے محفوظ رکھنے اور دماغ پر پڑنے والے شدید اثرات کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔پاکستان میں ہیلمٹ نہ پہننے کے کئی اسباب بیان کیے جاتے ہیں۔ بعض افراد اسے غیر ضروری بوجھ سمجھتے ہیں۔ کچھ گرمی اور حبس کا عذر پیش کرتے ہیں جبکہ کئی لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ مختصر فاصلے کے لیے ہیلمٹ پہننے کی ضرورت نہیں۔ لیکن حادثہ کبھی یہ نہیں دیکھتا کہ سوار کتنے کلومیٹر کا سفر کر رہا ہے۔ گھر سے دکان تک چند منٹ کا راستہ بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی طرح یہ دلیل بھی درست نہیں کہ محتاط ڈرائیونگ کرنے والے کو ہیلمٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سڑک پر صرف ہماری اپنی احتیاط فیصلہ کن نہیں ہوتی۔ تیز رفتار گاڑی، اچانک سامنے آنے والا رکشہ، سڑک کا گڑھا یا کسی دوسرے شخص کی معمولی غلطی بھی سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ ایسے حالات میں حفاظتی ہیلمٹ ہی سر کو پہنچنے والے نقصان کی شدت کم کرنے کا اہم ذریعہ بنتا ہے۔یہاں ایک اہم پہلو کی طرف توجہ دلانا ضروری ہے کہ اب پاکستان کی سڑکوں پر صرف روایتی موٹر سائیکلیں ہی استعمال نہیں ہو رہیں بل کہ اسکوٹی اور الیکٹرک بائیکس بھی تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ خصوصاً خواتین اور نوجوانوں میں ان سواریوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ کم خرچ اور نسبتاً آسان سفر کی وجہ سے یہ ذرائع آمدورفت شہری زندگی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ لیکن افسوس کہ ان میں سے بہت سے سوار بھی حفاظتی ہیلمٹ کو ضروری نہیں سمجھتے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اسکوٹی یا الیکٹرک بائیک کی رفتار کم ہوتی ہے اس لیے خطرہ بھی کم ہے۔ یہ تصور درست نہیں۔ رفتار کم ہونے کے باوجود پھسلن، اچانک بریک لگنے، کسی گاڑی سے ٹکرانے یا توازن بگڑنے کے نتیجے میں سر پر شدید چوٹ آ سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہیلمٹ کا قانون صرف روایتی موٹر سائیکلوں تک محدود نہ رہے بلکہ اسکوٹی اور تمام اقسام کی الیکٹرک بائیکس چلانے والوں کے لیے بھی یکساں طور پر لازمی ہو،یہ بات بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے موجودہ حکومت کی مجموعی پالیسیوں اور طرزِ حکمرانی سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن جہاں معاملہ انسانی جانوں کے تحفظ کا ہو وہاں سیاسی اختلاف کو ثانوی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا فیصلہ اسی تناظر میں قابلِ تحسین ہے۔ ریاست کی ذمہ داری صرف قوانین بنانا نہیں بل کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا بھی ہے۔ اگر سخت قانون اور جرمانے کے ذریعے لوگوں کو حفاظتی ہیلمٹ پہننے کا پابند بنایا جا سکتا ہے تو یہ ایک مثبت قدم ہے۔ تاہم اس قانون کا دائرہ کار تمام دو پہیہ سواریوں تک بڑھانا بھی ضروری ہے تاکہ اسکوٹی اور الیکٹرک بائیکس استعمال کرنے والے افراد بھی اس حفاظتی نظام کا حصہ بن سکیں۔اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ قانون کا نفاذ محض چالان کرنے تک محدود نہ رہے۔ بازاروں میں معیاری اور مناسب قیمت کے ہیلمٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ غیر معیاری اور غیر محفوظ ہیلمٹ کی فروخت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔متعلقہ ادارے ایسے ہیلمٹ کے استعمال کو فروغ دیں جو سر کو مکمل تحفظ فراہم کریں اور جن کی پٹی درست طریقے سے بند کی جا سکے۔ حکومت تعلیمی اداروں، دفاتر، ٹرانسپورٹ مراکز اور عوامی مقامات پر آگاہی مہم بھی چلائے تاکہ شہریوں کو معلوم ہو کہ ہیلمٹ پہننا صرف جرمانے سے بچنے کا طریقہ نہیں بل کہ زندگی محفوظ رکھنے کی عملی تدبیر ہے۔والدین کی ذمہ داری بھی اس معاملے میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ اگر باپ خود ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلاتا ہے تو وہ اپنے بچوں کو حفاظت کا درس کیسے دے سکتا ہے؟ نوجوانوں کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ سڑک پر دکھائی جانے والی بے احتیاطی بہادری نہیں بل کہ نادانی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ پولیس اہلکار کو دیکھ کر ہیلمٹ سر پر رکھتے ہیں اور باقی وقت اسے موٹر سائیکل کے ہینڈل پر لٹکائے رکھتے ہیں۔ بعض افراد صرف چالان سے بچنے کے لیے عارضی طور پر ہیلمٹ استعمال کرتے ہیں۔ یہ طرزِ عمل ظاہر کرتا ہے کہ ہم اپنی جان کی قدر کرنے کے بجائے صرف قانون کی گرفت سے بچنے کی فکر کرتے ہیں۔ ضرورت اس سوچ کو بدلنے کی ہے،ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں موٹر سائیکل حادثات کے زخمیوں کی صورتِ حال اس مسئلے کی سنگینی بیان کرتی ہے۔ سر پر لگنے والی چوٹ نہ صرف جان لے سکتی ہے بلکہ کسی صحت مند انسان کو عمر بھر کے لیے معذور بھی بنا سکتی ہے۔ ایک حادثہ صرف ایک فرد کو متاثر نہیں کرتا بلکہ اس کے پورے خاندان کی زندگی بدل دیتا ہے۔ گھر کا کفیل دنیا سے چلا جائے تو بچوں کی تعلیم اور خاندان کا مستقبل متاثر ہوتا ہے۔ ایک نوجوان معذوری کا شکار ہو جائے تو والدین کے خواب اور گھر کی امیدیں بھی ٹوٹ جاتی ہیں۔ اگر مناسب ہیلمٹ کسی ایک انسان کو بھی ایسے انجام سے بچا سکتا ہے تو اسے پہننے میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ہمیں بحیثیت معاشرہ یہ طے کرنا ہوگا کہ انسانی زندگی کسی بھی سہولت، جلد بازی یا معمولی تکلیف سے زیادہ قیمتی ہے۔ ہیلمٹ پہننا خوف کی علامت نہیں بل کہ ذمہ داری اور شعور کا اظہار ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ موٹر سائیکل، اسکوٹی اور الیکٹرک بائیک سمیت تمام دو پہیہ سواریوں کے لیے معیاری ہیلمٹ لازمی قرار دے اور اس قانون پر بلا امتیاز عمل درآمد یقینی بنائے۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ قانون کی پابندی کو اپنی حفاظت کا حصہ بنائیں۔ یاد رکھیے کہ ایک لمحے کی لاپرواہی پورے خاندان کو عمر بھر کے دکھ میں مبتلا کر سکتی ہے۔ ہیلمٹ سر پر ہوگا تو امیدیں محفوظ رہیں گی۔ زندگی سے بڑھ کر کوئی سواری، کوئی سہولت اور کوئی دلیل اہم نہیں ہو سکتی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں