موسمیاتی تبدیلی، زمین کا مستقبل

تحریر:حمید علی

دنیا کی تاریخ میں بعض چیلنجز ایسے ہوتے ہیں جو کسی ایک ریاست کی سرحدوں میں محدود نہیں رہتے بل کہ پوری انسانیت کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی بھی ایک ایسا ہی عالمی بحران ہے جس نے انسانی زندگی کے معمولات سے لے کر معیشتوں اور قدرتی نظام تک ہر چیز کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ کرۂ ارض کا بڑھتا ہوا درجہ حرارت اب محض سائنسی ماہرین کی تشویش نہیں رہا بل کہ دنیا کے ہر خطے میں بسنے والے انسانوں کے لیے ایک عملی خطرہ بن چکا ہے۔ کہیں شدید گرمی انسانی زندگی کو دشوار بنا رہی ہے تو کہیں بے موسمی بارشیں اور تباہ کن سیلاب بستیوں کو اجاڑ رہے ہیں۔ کہیں طویل خشک سالی زراعت کو متاثر کر رہی ہے تو کہیں پگھلتے ہوئے گلیشیئرز مستقبل کے آبی بحران کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
اسی عالمی تشویش کے تناظر میں 9 نومبر سے 20 نومبر تک ترکی کے شہر انتالیہ کے ایکسپو سینٹر میں اقوام متحدہ کی 31 ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس کا مرکزی موضوع ایک پائیدار، مضبوط اور منصفانہ مستقبل کی جانب پیش رفت ہے۔ دنیا کے تقریباً 197 ممالک کے نمائندے اور 95 ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت سمیت اعلیٰ سطحی وفود اس عالمی اجتماع میں شریک ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس میں ماحولیاتی آلودگی، گلوبل وارمنگ، کاربن کے اخراج، پانی کی قلت اور ماحولیاتی انصاف جیسے اہم معاملات زیرِ بحث ہیں۔ اس اجتماع کی اہمیت اس حقیقت میں پوشیدہ ہے کہ موسمیاتی بحران کا مقابلہ کسی ایک ملک کے وسائل یا کوششوں سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے عالمی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری ناگزیر ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے بنیادی محرکات پر نظر ڈالی جائے تو انسانی سرگرمیاں اس بحران کی سب سے بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔ صنعتی انقلاب کے بعد کوئلے، تیل اور قدرتی گیس کے بے دریغ استعمال نے فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر گرین ہاؤس گیسوں کی مقدار میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔ بجلی گھروں، کارخانوں، گاڑیوں اور ہوائی جہازوں سے خارج ہونے والی آلودہ گیسیں زمین کے گرد حرارت کو روکنے والی تہہ کو مزید مؤثر بنا رہی ہیں۔ نتیجتاً سورج سے حاصل ہونے والی حرارت کا ایک بڑا حصہ فضا میں محصور رہتا ہے اور عالمی درجہ حرارت مسلسل بڑھتا جاتا ہے۔ یہی عمل گلوبل وارمنگ کہلاتا ہے جو قدرتی موسمی نظام میں غیر معمولی تبدیلیوں کا سبب بن رہا ہے۔اس بحران کا ایک بڑا محرک جنگلات کی بے دریغ کٹائی بھی ہے۔ درخت فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے ماحول کا توازن برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ مگر بڑھتی ہوئی آبادی، شہری پھیلاؤ، تجارتی سرگرمیوں اور زرعی زمینوں کے حصول کے لیے جنگلات کو تیزی سے ختم کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب قدرتی وسائل کا غیر محتاط استعمال، صنعتی فضلے کا اخراج، ناقص شہری منصوبہ بندی اور پلاسٹک کی بڑھتی ہوئی آلودگی بھی ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ زرعی شعبے میں بعض کیمیائی کھادوں کا ضرورت سے زیادہ استعمال اور مویشیوں سے خارج ہونے والی میتھین گیس بھی عالمی حدت میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ یوں انسانی ترقی کا وہ تصور جو قدرتی وسائل کے تحفظ سے خالی ہو، بالآخر خود انسان کے مستقبل کے لیے خطرہ بن جاتا ہے۔گلوبل وارمنگ کے اثرات اب دنیا کے مختلف حصوں میں نمایاں ہو چکے ہیں۔ قطبی علاقوں اور بلند پہاڑی سلسلوں کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ سمندروں کی سطح بلند ہونے سے ساحلی آبادیوں اور جزیرہ نما ممالک کے وجود کو خطرات لاحق ہیں۔ موسموں کا روایتی نظام متاثر ہونے کے باعث کہیں شدید بارشیں اور سیلاب تباہی مچا رہے ہیں تو کہیں طویل خشک سالی فصلوں اور پانی کے ذخائر کو ختم کر رہی ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے سے جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں جبکہ حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کی بقا بھی خطرے میں پڑ رہی ہے۔ یہ تمام تبدیلیاں اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ قدرتی ماحول کا توازن بگڑنے کے نتائج کسی ایک نسل تک محدود نہیں رہیں گے۔پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے یہ صورتِ حال مزید تشویش ناک ہے۔ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نسبتاً کم ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اسے غیر معمولی شدت سے متاثر کر رہے ہیں۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب اس کی واضح مثال ہیں جنہوں نے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو متاثر کیا اور ملک کے بنیادی ڈھانچے، زراعت اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، دریاؤں میں پانی کی غیر یقینی صورتِ حال، زیرِ زمین آبی ذخائر میں کمی اور شہری علاقوں میں شدید گرمی ہمارے لیے سنجیدہ انتباہ ہیں۔ زراعت پر انحصار کرنے والی معیشت میں موسمیاتی بے ترتیبی براہِ راست غذائی تحفظ، روزگار اور قومی ترقی کو متاثر کرتی ہے۔یہاں ایک بنیادی سوال عالمی برادری کے سامنے کھڑا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی قیمت آخر کون ادا کرے گا؟ وہ ترقی یافتہ ممالک جنہوں نے صدیوں تک صنعتی ترقی کے نام پر فضا کو آلودہ کیا یا وہ غریب اور ترقی پذیر ریاستیں جو اس بحران کے اسباب پیدا کرنے میں نسبتاً کم شریک رہی ہیں؟ ماحولیاتی انصاف کا تقاضا ہے کہ زیادہ آلودگی پھیلانے والی معیشتیں اپنی تاریخی ذمہ داری قبول کریں اور متاثرہ ممالک کو مالی وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور استعداد کار کی منتقلی میں مؤثر تعاون فراہم کریں۔ محض وعدوں اور اعلانات سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی فنڈز کی فراہمی اور ان کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔انتالیہ کانفرنس کو اسی تناظر میں محض سفارتی ملاقاتوں کا سلسلہ نہیں بل کہ عالمی ضمیر کے امتحان کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ عالمی رہنماؤں کو ایسے عملی فیصلے کرنے ہوں گے جن سے فوسل ایندھن پر انحصار کم ہو، قابلِ تجدید توانائی کو فروغ ملے اور کاربن کے اخراج میں حقیقی کمی واقع ہو۔ اس کے ساتھ جنگلات کے تحفظ، پانی کے بہتر انتظام، ماحول دوست ٹرانسپورٹ، پائیدار زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ پاکستان کو بھی قومی سطح پر شجرکاری، آبی ذخائر کے تحفظ، توانائی کے متبادل ذرائع اور مؤثر ماحولیاتی پالیسیوں کو ترجیح دینا ہوگی۔
حقیقت یہ ہے کہ زمین کسی ایک قوم، نسل یا نسلِ انسانی کے کسی مخصوص دور کی ملکیت نہیں بل کہ یہ آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے۔ ترقی کا وہ راستہ جو قدرتی وسائل کو تباہ کرکے تعمیر کیا جائے، پائیدار نہیں ہو سکتا۔ انتالیہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس کا اصل امتحان اس کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے سے نہیں بل کہ ان فیصلوں پر عمل درآمد سے ہوگا جو دنیا کو تباہی کے راستے سے واپس لا سکیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ عالمی قیادت سیاسی مفادات سے بلند ہوکر مشترکہ انسانی مستقبل کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائے۔ کیوں کہ اگر آج انسان نے قدرت کے ساتھ اپنا تعلق درست نہ کیا تو آنے والی نسلوں کو ایک ایسی زمین ورثے میں مل سکتی ہے جہاں زندگی کی بقا خود ایک بڑا سوال بن چکی ہوگی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں